پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید تمجید حیدر تمجید کی غزلیں — Syed Tamjeed Haider Tamjeed Ghazals

سید تمجید حیدر تمجید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سانس کا اپنی رگ جاں سے گزر ہونے تک (غزل)

سانس کا اپنی رگ جاں سے گزر ہونے تک

درد ہوتا ہے مجھے شب کے سحر ہونے تک

عمر گزری پہ اثر آہ کا پھر بھی نہ ہوا

جی گئے ہم بھی کسی زلف کے سر ہونے تک

جب وہ سمجھیں گے تو یہ درد میں ڈھل جائے گی

آہ باقی ہے مری صرف اثر ہونے تک

تھا تغافل انہیں نو میدئ جاوید بھی تھی

خاک در خاک تھے ہم ان کو خبر ہونے تک

اپنے ہی خوں میں نہاتا ہے ہر اک سانس کے ساتھ

دل مرا دل تھا کسی درد کا گھر ہونے تک

سامنا پرتو خور کا کرے شبنم کیسے

زور لگتا ہے بہت خشک کو تر ہونے تک

خاک ہیں خاک میں مل جانے کا ڈر کیوں ہو ہمیں

خوف کھانا ہے تو قطرہ کو گہر ہونے تک

دل میں اب رحم نہیں مہر و محبت بھی نہیں

وہ بھی انساں تھا مگر صاحب زر ہونے تک

ہو گیا عشق جو مایوس تمنا اک بار

موت آئے گی اسے بار دگر ہونے تک

ان کے با ضابطہ ہونے کی ہے تمجیدؔ امید

ہم بھی ہو جاتے ہیں خاموش مگر ہونے تک

چاہوں تو ابھی ہجر کے حالات بتا دوں (غزل)

چاہوں تو ابھی ہجر کے حالات بتا دوں

پھر کیا ہے ترے وصل کی اوقات بتا دوں

سمجھے ہے تو بس میرے ظواہر کے اشارے

میں اپنے پہ آؤں تو تری ذات بتا دوں

وہ راز جو کھولے گا ظواہر کی حقیقت

تو بولے بتا دوں تو میں وہ بات بتا دوں

پڑھ سکتا ہوں میں جلد کتاب رخ روشن

چاہوں تو مضامین‌ مقالات بتا دوں

سجدوں کو مرے نشر‌ و اشاعت کا نہیں شوق

کیوں غیر کو تخصیص عبادات بتا دوں

دشمن کو تو رکھوں گا میں مستور زمانہ

ممکن ہے کبھی اپنے مہمات بتا دوں

میں بھی ترے حصے کا سفر کرتا رہا ہوں

اب اور تجھے کون سی سوغات بتا دوں

تجدید تفکر کا تجھے وہم ہوا ہے

میں تیرے خیالوں میں تضادات بتا دوں

پھر جان گیا تیرے لطیفانہ سخن کو

پھر کیا ہے ترا راز مدارات بتا دوں

مخمور ہے مدہوش ہے دنیا مرے آگے

کچھ اور بھی ہیں اس کے خرافات بتا دوں

تقدیر ہی کچھ اپنی مٹر گشت کئے ہے

تمجیدؔ یہ ممکن ہے محالات بتا دوں

مزید غزلیں از سید تمجید حیدر تمجید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں