سید طاہر حسین طاہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محبت ایک سے کرکے بتاؤں گا زمانے کو (غزل)
محبت ایک سے کرکے بتاؤں گا زمانے کو
ہزاروں لاکھ آئیں گے یہ سن کر دل لگانے کو
ادھر بے چین تھا وہ بھی یہی ارماں بتانے کو
مرا دل بھی ترستا تھا اسے اپنا بنانے کو
تمہارے روٹھنے کی بھی ادا پیاری یہاں تک کہ
بڑی مشکل سے میں تیار ہوتا تھا منانے کو
کرے گی کام کیا یہ وقت کی طاقت بھی دیکھیں گے
کہ صدیاں بھی پڑیں گی کم تری یادیں منانے کو
خزانے کی محبت دل میں کیا باقی رہے گی اب
لگا رکھا ہے جب دل سے محبت کے خزانے کو
جہاں تک یاد ہے تم تو خوشی دینے ہی آتے تھے
تمہاری یاد پھر طاہرؔ کیوں آتی ہے ستانے کو
دوسروں میں نکالے ہے وہ خامیاں (غزل)
دوسروں میں نکالے ہے وہ خامیاں
دیکھ لو کس قدر اس میں ہیں خوبیاں
ہم نے جن کے سبھی غم خوشی سے لیے
دیکھتے ہی رہے وہ تو سود و زیاں
خوب سے خوب تر آپؐ ہونے لگے
ماند پڑنے لگیں ساری رعنائیاں
عارضی پیار اپنوں سے بھی کیوں اگر
غیر سے آپ کو عشق ہے جاوداں
راہبر سے گلہ بے سبب بے اثر
جب مقدر میں تھیں اپنے گمراہیاں
چین سے جی رہا ہوگا وہ بھی کہاں
جس نے طاہرؔ کو دیں اتنی بے چینیاں