سید طاہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنی خوش فہمی کو ادراک سمجھنے والے (غزل)
اپنی خوش فہمی کو ادراک سمجھنے والے
خاک سمجھیں گے مجھے خاک سمجھنے والے
اک ذرا تیز ہوا سے یہ گریبان کھلا
ڈر گئے خود میں اسے چاک سمجھنے والے
جانے ان کو مرے اندر کی خبر کیسے ہوئی
ٹھیک سمجھے مجھے سفاک سمجھنے والے
میرے اندر سے مرا جفت نمودار ہوا
اور ششدر ہیں مجھے تاک سمجھنے والے
خاک تجھ فکر کی ترسیل پہ صحراؤں کی
دیدۂ گل کو بھی نمناک سمجھنے والے
میں ترے جیسا خدا ہونے سے محفوظ رہا
داغ عصیاں سے مجھے پاک سمجھنے والے
دشت در دشت بھٹکتے ہوئے دیکھے طاہرؔ
خود کو اس دہر میں چالاک سمجھنے والے
میں پورے قد سے کھڑا ہوں اب اس یقین کے ساتھ (غزل)
میں پورے قد سے کھڑا ہوں اب اس یقین کے ساتھ
نہیں ہے عارضی رشتہ مرا زمین کے ساتھ
ہماری ذات کی تکمیل ہونے والی ہے
ذرا سا قاف لگانا ہے عین شین کے ساتھ
یہاں پہ سانپ ہیں بت ہیں چھری ہے یار بھی ہیں
عجیب میلہ لگا ہے اک آستین کے ساتھ
تم اپنی آنکھوں سے دل سے تو پوچھ لو پہلے
کہ مشورہ تو ضروری ہے ماہرین کے ساتھ
نظر کو دے کے فریب ایک پردہ اٹھنے کا
عجب مذاق ازل سے ہے ناظرین کے ساتھ
اگر تو پھول سے خوشبو تلک سفر کر لے
سمجھنا عشق مکمل ہے تیرے دین کے ساتھ
میں بے سبب کبھی رویا تو یہ کھلا مجھ پر
مکاں بھی روتے ہیں طاہرؔ کبھی مکین کے ساتھ