سید تابش زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
فرشتوں سے محبت کر رہے ہیں (غزل)
فرشتوں سے محبت کر رہے ہیں
جوانی میں عبادت کر رہے ہیں
وہ اب کھل کر عنایت کر رہے ہیں
شرارت باجماعت کر رہے ہیں
فقیروں کو امیری مل گئی ہے
زمیں پر بادشاہت کر رہے ہیں
خداوندا تیرے معصوم بندے
وفا کی پھر حماقت کر رہے ہیں
ہماری راہ میں کانٹے بچھا کر
ستم وہ حسب عادت کر رہے ہیں
نظر آ کر اتر جاتے ہیں دل میں
یہ چہرے کیا قیامت کر رہے ہیں
زمانہ راہ پر آ جائے تابشؔ
یہ خواہش ما بدولت کر رہے ہیں
مری مشکل کا حل نہیں ملتا (غزل)
مری مشکل کا حل نہیں ملتا
پھول کھلتے ہیں پھل نہیں ملتا
چند روزہ حیات دنیا میں
چین کا ایک پھل نہیں ملتا
جن کے دل میں ہزار شکوے ہیں
ان کے ماتھے پہ بل نہیں ملتا
اور سب کچھ ہے تیری آنکھوں میں
ایک سوز غزل نہیں ملتا
اتفاقاً اگر بچھڑ جائے
آدمی کا بدل نہیں ملتا
میرا اپنا مزاج ہے تابشؔ
راہ لے اپنی چل نہیں ملتا
مزید غزلیں از سید تابش زیدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں