پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید صدیق حسن کی غزلیں — Syed Siddiq Hasan Ghazals

سید صدیق حسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا کیا نہ کیا عشق میں کیا کیا نہ کریں گے (غزل)

کیا کیا نہ کیا عشق میں کیا کیا نہ کریں گے

لیکن غم جاناں تجھے رسوا نہ کریں گے

دامن تو بھگو دیں گے بہر حال مرے اشک

مانا کوئی طوفان پہ برپا نہ کریں گے

اس ترک تمنا میں بھی شامل ہے تمنا

جب یہ ہے تو پھر ترک تمنا نہ کریں گے

ہر چند سہی مصلحت وقت مگر ہم

اپنا سر خوددار جھکایا نہ کریں گے

چمکیں گے وہی چرخ محبت پہ ستارے

جو گردش افلاک کی پروا نہ کریں گے

جو مانگ کے لانی پڑیں غیروں کے چمن سے

ہم ایسی بہاروں کی تمنا نہ کریں گے

بدلیں گے وہی گردش ایام کی تقدیر

جو گردش ایام سے بدلا نہ کریں گے

طوفاں جو سفینوں کو ڈبو دیتے تھے اکثر

کیا اب وہ سفینوں کو ڈبویا نہ کریں گے

کیوں مشق ستم کے لئے آئین تراشو

ہم تم سے کسی جور کا شکوا نہ کریں گے

بدلے جو تم تو رسم تمنا بدل گئی (غزل)

بدلے جو تم تو رسم تمنا بدل گئی

محسوس یہ ہوا کہ یہ دنیا بدل گئی

انسانیت گواہ کچھ ایسے بھی عزم ہیں

سایہ میں جن کے قسمت فردا بدل گئی

میرے جنون شوق میں کچھ آ گئی کمی

یا تیرے التفات کی دنیا بدل گئی

اب وقت احتیاط ہے بر جرأت نگاہ

رندی کی ریت کیسی خدایا بدل گئی

بدلے سبو نہ جام نہ آداب میکدہ

ہاں مے کشوں کے شوق کی صہبا بدل گئی

بکھرے ہوئے ہیں جلوے ہر اک سمت آج بھی

لیکن وہ آرزوئے تماشا بدل گئی

تیرے کرم سے میرا جہاں تھا ارم ارم

بدلی تری نگاہ تو دنیا بدل گئی

مزید غزلیں از سید صدیق حسن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں