پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید شیبان قادری کی غزلیں — Syed Shiban Qadri Ghazals

سید شیبان قادری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آسمانوں کی بلندی سے اتر آیا ہوں (غزل)

آسمانوں کی بلندی سے اتر آیا ہوں

اے زمیں مجھ کو سہارا دے میں گھر آیا ہوں

مدتوں بعد پکارا مری وحشت نے مجھے

مدتوں بعد میں صحرا میں نظر آیا ہوں

دیکھ راہوں میں مری خار بچھانے والے

میں ادھر چھوڑ کے گلزار ادھر آیا ہوں

سنگ ہاتھوں میں لیے بیٹھے ہیں احباب یہاں

اور میں شانوں پہ سجائے ہوئے سر آیا ہوں

چشم حیرت سے جسے دیکھا کرے گی دنیا

رنگ ایسے تری تصویر میں بھر آیا ہوں

خود کو چاہوں بھی تو اب دیکھ نہیں پاؤں گا

اپنی آنکھیں تری دہلیز پہ دھر آیا ہوں

اس قدر گہرا دھندلکا تھا ہنر رستوں میں

بڑی مشکل سے زمانے کو نظر آیا ہوں

چمن شاعری چھائی تھیں خزائیں جس پر

لے کے شیبانؔ وہاں میں گل تر آیا ہوں

روشنی خوابوں کی آنکھوں میں بسائے رکھنا (غزل)

روشنی خوابوں کی آنکھوں میں بسائے رکھنا

رات گہری ہے بہت شمع جلائے رکھنا

اپنی شیشہ لقبی کا ہے تحفظ لازم

خود کو پتھر زدہ لہجوں سے بچائے رکھنا

تو یہ کیا جانے کہ اس دور جفا پیشہ میں

کتنا مشکل ہے تعلق کو بنائے رکھنا

جان سے پیاری رہی ہے ہمیں اپنی دستار

ہم نے سیکھا ہی نہیں سر کو جھکائے رکھنا

سونا تپ تپ کے بنا کرتا ہے کندن یارو

اپنے بچوں کو نہ سینے سے لگائے رکھنا

دوستو جنگ بھی لازم ہے حریفوں سے مگر

پرچم امن بھی ہاتھوں میں اٹھائے رکھنا

تیرگی زادے تجھے چین نہ لینے دیں گے

عشق کی شمع مگر دل میں جلائے رکھنا

وہ غزل چہرہ کہ ہے جان گلستان خیال

اس کو اشعار کے پھولوں سے سجائے رکھنا

میرے اجداد کی شیبانؔ یہی ہے تعلیم

ہو جہاں دھوپ کی شدت وہاں سائے رکھنا

مزید غزلیں از سید شیبان قادری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں