پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید تسلیم حیدر قمر کی غزلیں — Syed Taslim Haider Qamar Ghazals

سید تسلیم حیدر قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زمانے کی ہوا بدلی ادھر رنگ چمن بدلا (نظم)

زمانے کی ہوا بدلی ادھر رنگ چمن بدلا

گلوں نے جب روش بدلی عنادل نے وطن بدلا

طریقہ آشنائی کا کبھی ایسا نہ بدلا تھا

کہ چال عشاق نے بدلی حسینوں نے چلن بدلا

بدلتے آئے ہیں یوں تو ہمیشہ دور گردوں کے

نہ ایسا بھی کہ ہم بدلے ہمارا کل جتن بدلا

مقاصد مذہب و ملت کے بدلے دور عالم نے

صحائف کی شرح بدلی کتابوں کا متن بدلا

بدل ڈالا ہے ایسا مغربی تہذیب نے ہم کو

مذاق خوان نعمت اور طرز پیرہن بدلا

پرانی چال بے ڈھنگی ہماری دیکھیں کب بدلے

ابھی تک جگ ہی بدلے تھے غضب یہ ہے قرن بدلا

نہ بدلا پر نہ بدلا ہائے طرز معشرت قومی

اگرچہ ساری دنیا کا ہنر اور علم و فن بدلا

نظام شاعری میں ہائے آیا انقلاب ایسا

کہ شان نظم بدلی اور انداز سخن بدلا

سلیقہ انتقاد جنس حرفت کا نہیں ہم کو

زر خالص سے ابریشم نما یورپ نے سن بدلا

نہ بدلا ہے نہ بدلے گا فقط قانون اسلامی

قمرؔ جب تک کہ قدرت نے نہ یہ چرخ کہن بدلا

مزید غزلیں از سید تسلیم حیدر قمر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں