سید صغیر صفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جھیل آنکھیں تھیں گلابوں سی جبیں رکھتا تھا (غزل)
جھیل آنکھیں تھیں گلابوں سی جبیں رکھتا تھا
شام زلفوں میں چھپا کر وہ کہیں رکھتا تھا
دھوپ چھاؤں سا وہ اک شخص مرے شہر میں تھا
دل میں ہاں اور وہ ہونٹوں پہ نہیں رکھتا تھا
اس کے ہونٹوں پہ مہکتے تھے وفاؤں کے کنول
اپنی آنکھوں میں جو اشکوں کے نگیں رکھتا تھا
اس کی مٹھی میں نہیں پیار کا اک جگنو بھی
جو محبت کے ستاروں پہ یقیں رکھتا تھا
آپ اپنے میں بظاہر تو بہت خوش تھا صفیؔ
دل میں دکھتی سی خراشیں بھی کہیں رکھتا تھا
کیا بھروسہ ہے انہیں چھوڑ کے لاچار نہ جا (غزل)
کیا بھروسہ ہے انہیں چھوڑ کے لاچار نہ جا
بن ترے مر ہی نہ جائیں ترے بیمار نہ جا
مجھ کو روکا تھا سبھی نے کہ ترے کوچے میں
جو بھی جاتا ہے وہ ہوتا ہے گرفتار نہ جا
ناخدا سے بھی مراسم نہیں اچھے تیرے
اور ٹوٹے ہوئے کشتی کے بھی پتوار نہ جا
جلتے صحرا کا سفر ہے یہ محبت جس میں
کوئی بادل نہ کہیں سایۂ اشجار نہ جا
بن ہمارے نہ ترے ناز اٹھائے گا کوئی
سوچ لے چھوڑ کے ہم ایسے پرستار نہ جا