پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید صفی حسن کی غزلیں — Syed Safi Hasan Ghazals

سید صفی حسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آنکھوں کے دریچوں سے سراب اترے ہیں کتنے (غزل)

آنکھوں کے دریچوں سے سراب اترے ہیں کتنے

اک جاں ہے مگر اس پہ عذاب اترے ہیں کتنے

شاید تمہیں کھوئی ہوئی جنت کہیں مل جائے

دیکھو مری ان آنکھوں میں خواب اترے ہیں کتنے

جب ساعت احساں تھی تو اک بوند نہ برسی

جب اٹھ گئے پیاسے تو سحاب اترے ہیں کتنے

دنیا تجھے میں دیکھوں تو کن آنکھوں سے دیکھوں

اک شخص کے چہرے سے نقاب اترے ہیں کتنے

ہر روزن زنداں سے لہو جھانک رہا ہے

گھر گھر تری چاہت کے گلاب اترے ہیں کتنے

نغموں کا فسوں چاند کی ضو پھول کی خوشبو

اس حسن دل آرا پہ شباب اترے ہیں کتنے

اشکوں کو صفیؔ ہنس کے لٹا دل کو لہو کر

تیرے لیے اب کار ثواب اترے ہیں کتنے

وہ جو سب کچھ ہے اسے دور بٹھا رکھا ہے (غزل)

وہ جو سب کچھ ہے اسے دور بٹھا رکھا ہے

خواہشیں ہیں جنہیں معبود بنا رکھا ہے

کچھ تو ہے تیرگیٔ دل میں اجالے کے لیے

تو نہیں ہے تری یادوں کو بلا رکھا ہے

ہر کوئی اپنے ہی پرتو میں ہے سرگرم سفر

میں نے ماحول کو آئینہ دکھا رکھا ہے

اس کا باطن بھی ہے خورشید قیامت کی طرح

یہ جو اک طاق میں چھوٹا سا دیا رکھا ہے

ایک لحظہ مری تنہائی میں آ کر دیکھو

میں نے زنداں میں بھرا شہر بسا رکھا ہے

سر دربار جو پوچھو تو مرا جرم ہے یہ

میں نے کیوں شہر میں آنکھوں کو کھلا رکھا ہے

کبھی دو بول محبت کے بھی اے جان صفیؔ

جب بھی دیکھو ترے ہونٹوں پہ لگا رکھا ہے

مزید غزلیں از سید صفی حسن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں