پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید صفدر کی غزلیں — Syed Safdar Ghazals

سید صفدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

قرینوں سے ہماری دوستی ہے (غزل)

قرینوں سے ہماری دوستی ہے

حسینوں سے ہماری دوستی ہے

نڈر ہو کر لکیریں بولتی ہیں

جبینوں سے ہماری دوستی ہے

بہت سادہ بہت پرکار لیکن

نگینوں سے ہماری دوستی ہے

ملائے یا ہلائے ہاتھ اور بس

مشینوں سے ہماری دوستی ہے

عوض سگریٹ کے سگریٹ چائے کے چائے

مہینوں سے ہماری دوستی ہے

ہمارے گھر جھجھکتے ہیں یہ کہتے

مکینوں سے ہماری دوستی ہے

نرمیاں ہیں تمہاری بولی میں (غزل)

نرمیاں ہیں تمہاری بولی میں

اور پتھر پڑے ہیں جھولی میں

سج گئی میری سوچ کی دھرتی

رنگ اس نے بھرے رنگولی میں

یوں ہوا پھر پگھل گیا منظر

صبح سورج اگا جو کھولی میں

دھرم جاتی سے آپ کی پہچان

آدمی ہے ہماری ٹولی میں

میرے دامن کے داغ دیکھے کون

سب یہاں ہیں نہائے ہولی میں

چار جانب اجالا پھیلا ہے

چاند چمکا کسی کی چولی میں

بوریے بچھ گئے محبت سے

آپ آئے ہماری کھولی میں

آسماں پر گرم سورج کے بھیانک قہقہے (نظم)

آسماں پر گرم سورج کے بھیانک قہقہے

دوڑتی تھیں زہر لہریں سانس کھل کر کون لے

آگ کے دریا رواں سب شاہراہیں راستے

جل رہی تھیں دھوپ کی بارش میں ساری کھیتیاں

سر اٹھائے زرد رو سوکھی نکیلی جھاڑیاں

اور ان کے درمیاں

ناچتی تھیں بے حیا کم ظرف ننگی ڈائنیں

چیخ بد روحیں سنیں کیا طے کیا چپکے رہیں

بے زبانی کی وساطت سے کہیں

جوڑ کر دست سوال

اے خدائے ذوالجلال

ختم تجھ پر ہر کمال

ساعتیں پھیلا رہی ہیں موت کی نیندوں کا جال

جاگتی جیتی مگر اک تیری ذات

روز روشن ہو کہ رات

اک فقط تجھ کو ثبات

کون دے گا ماسوا تیرے نجات

ابر بن کر سایہ کر دے

سبز کر دے کھیتیاں

آ ہماری سوچ میں آ

تو ہمارے ہاتھ ہو جا تو زباں

خالق ارض و سما

نرم مٹی کی ردا سر سے ہٹائے

دیکھتی ہیں کونپلیں پلکیں اٹھائے

اب کسانوں کا تصور چھو رہا ہے بالیاں

مسکرا آنکھیں ملا شرمائے ہیں گھر والیاں

سج رہی ہیں تھالیاں

بج رہی ہیں تالیاں

ہنس رہی ہیں گا رہی ہیں سالیاں

اب دعائیں ہو گئی ہیں میٹھی کھٹی گالیاں

آسماں پر اے خدا تیرا جلال

اور زمیں میری ہوئی گہوارۂ امن و اماں

پاک بد روحوں سے ہے میرا جہاں

مزید غزلیں از سید صفدر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں