پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید صبا واسطی کی غزلیں — Syed Saba Wasti Ghazals

سید صبا واسطی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی دھوپ میں بسر کی ہے (غزل)

زندگی دھوپ میں بسر کی ہے

بات لمبی تھی مختصر کی ہے

آ ہی جائے گا اپنے مطلب پہ

بات پہلے ادھر ادھر کی ہے

سانپ دیکھے ہیں آستینوں میں

کیسی منزل یہ آج سر کی ہے

رنج کو مجھ پہ جو تصرف ہے

ایسا لگتا ہے بات گھر کی ہے

درمیاں کوئی راستہ ہی نہیں

بات اک دوسرے کے سر کی ہے

ایک تصویر کی طرح چپ تھا

اور بات کس قدر کی ہے

زندگی اب بھی ہے صباؔ دل کش

جو کمی ہے تری نظر کی ہے

عیب تو ہوں گے چاند تارے میں (غزل)

عیب تو ہوں گے چاند تارے میں

سوچیے آپ اپنے بارے میں

اتنا کہہ دو کہ اپنے تک رکھیے

پھیل جائے گی بات سارے میں

اور دل کش ہوئی ہیں نم آنکھیں

میٹھی لگتی ہیں اور کھارے میں

اپنی کرتے ہیں دل ضمیر و ذہن

سارے افسر ہیں اس ادارے میں

الجھنوں سے نجات پنہاں ہے

اک بھروسے میں اک اشارے میں

سب پرکھنے کو ہے کمی بیشی

سب اسی کا مرے تمہارے میں

ایسے پھرتے ہیں شام تنہا میں

جیسے ہلکی ہوا غبارے میں

اس کی قدرت کا معترف ہے صباؔ

وہ نظر میں وہی نظارے میں

نہ تم رہو گے نہ ہم رہیں گے (نظم)

نہ تم رہو گے نہ ہم رہیں گے

ہمارے نقش قدم رہیں گے

ہماری نیکی کی لو رہے گی

ہمارے داغ ستم رہیں گے

رہیں گے کب تک یوں سرنگوں ہم

کہاں تلک یہ صنم رہیں گے

یہ جاہ و عظمت کے جھوٹے پیکر

کہاں تلک محترم رہیں گے

یزیدیت کا چلن وہی ہے

جھکیں گے سر یا قلم رہیں گے

علم جو حق کا اٹھائے ہوں گے

وہ ہر زمانے میں کم رہیں گے

اٹھائے پلکوں پہ گھومنا ہے

زمیں پہ وہ کالعدم رہیں گے

عجیب فطرت ہے حق نوا کی

دبیں گے اور تازہ دم رہیں گے

جو ہار بیٹھے گی ضبط خلقت

صباؔ کہاں پھر بھرم رہیں گے

مزید غزلیں از سید صبا واسطی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں