سید صدام گیلانی مراد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم جو میرے حال سے انجان ہو (غزل)
تم جو میرے حال سے انجان ہو
جان لو تم ہی تو میری جان ہو
بے خودی نے حد پکڑ لی ہے کہیں
ان کے آنے کا کوئی امکان ہو
شیخ جی واعظ بنے دیکھے جو کل
جیسے نظروں میں کوئی شیطان ہو
عشق آ کر رقص کرتا ہے یہیں
دیکھ کر تم بھی یہی حیران ہو
جس گلی میں ہے مری دیوانگی
وحشتوں کا اب وہاں اعلان ہو
اس قلم سے اب لکھو ایسی غزل
جس سے قائل حضرت انسان ہو
خود کو خود سے خود ہی اب خالی کرو
پھینک کر کوئی بھی جو سامان ہو
عشق کامل کہہ گیا ایسے کرو
ذکر ان کا سانس میں ہر آن ہو
ایسا عاشق مجھ کو تم لا دو کوئی
نیزے پر جس نے پڑھا قرآن ہو
درد حد سے گزر گیا ہوگا (غزل)
درد حد سے گزر گیا ہوگا
تیرا عاشق تو مر گیا ہوگا
چھان کر خاک تیرے کوچے کی
دیر سے اپنے گھر گیا ہوگا
تیری آواز اس کے اندر تھی
خامشی سے وہ ڈر گیا ہوگا
بوجھ آہوں کا اور نالوں کا
اس کے دل سے اتر گیا ہوگا
چوم کر ہار تیرے اشکوں کا
قبر میں رقص کر گیا ہوگا
تیری آہٹ سے کام لیتے ہی
باغ پھولوں سے بھر گیا ہوگا
بے خودی میں قرار پاتا تھا
خیر اب تو سدھر گیا ہوگا
نام اب بھی مرادؔ زندہ ہے
عشق میں دے کے سر گیا ہوگا