سید رضوان راوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آتے ہیں یاد مجھ کو وہ الفت کے چار دن (غزل)
آتے ہیں یاد مجھ کو وہ الفت کے چار دن
دلکش وہ تیری میری محبت کے چار دن
کیسے بتائیں تم کو بیاں کیا کریں میاں
ہوتے ہیں کیسے زیست میں خلوت کے چار دن
آنکھوں سے اس کی ٹپکے لہو بن کے اشک دل
تنہا جیے ہیں جس نے بھی وحشت کے چار دن
جھوٹی محبتوں کے سہارے نہ دے مجھے
اس سے تو لاکھ اچھے ہیں نفرت کے چار دن
کلیاں لگی ہوئی ہیں جو شاخ گلاب پر
کھلنے کو دیجئے انہیں مہلت کے چار دن
رضوانؔ مجھ کو ماں نے تسلی یہ دی سدا
کٹ جائیں گے ہمارے یہ غربت کے چار دن
اشک جب خود زباں ہو گئے (غزل)
اشک جب خود زباں ہو گئے
درد کتنے بیاں ہو گئے
قید پلکوں میں منظر جو تھے
آئی آندھی دھواں ہو گئے
بعد مدت کے لوٹے وطن
طفل سارے جواں ہو گئے
جب عطا رب نے بادل کیے
خشک جھرنے رواں ہو گئے
اک تغافل جو ہم نے کیا
ہم سے وہ بدگماں ہو گئے
مزید غزلیں از سید رضوان راوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں