پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید رضوان ممتاز کی غزلیں — Syed Rizwan Mumtaz Ghazals

سید رضوان ممتاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خبر جو اب تلک پہنچی نہیں ہے (غزل)

خبر جو اب تلک پہنچی نہیں ہے

ہمارے واسطے اچھی نہیں ہے

بدن میدان میں ہارا ہوا ہے

ابھی ہمت مگر ہاری نہیں ہے

اسے ہم عشق سمجھیں یا نہ سمجھیں

ہمیں وہ اب تلک بھولی نہیں ہے

کسی کا ہو تو جاتا پر مری جاں

طبیعت ہے کہ جو مانی نہیں ہے

مرے محبوب کے جیسی ہے بارش

بلانے پر کبھی آئی نہیں ہے

ہمارے خواب جو ٹوٹے ہوئے ہیں

ہماری نیند جو پوری نہیں ہے

ترا چہرہ ہے آنکھوں میں ابھی تک

کہ پچھلی رات کی اتری نہیں ہے

مناؤں گا تو شاید مان جائے

ابھی وہ اس قدر روٹھی نہیں ہے

محبت گھر تو آئی ہے ہمارے

مگر ہاں دیر تک ٹھہری نہیں ہے

تم مجھے یاد کر رہی ہو کیا (غزل)

تم مجھے یاد کر رہی ہو کیا

وقت برباد کر رہی ہو کیا

تم نے باہیں گلے میں ڈالی ہیں

خود کو آزاد کر رہی ہو کیا

جو نہیں ہو سکا مرے ہوتے

وہ مرے بعد کر رہی ہو کیا

ایک وقفہ جو یہ لیا تم نے

عذر ایجاد کر رہی ہو کیا

خامشی چھا رہی ہے چاروں طرف

تم کچھ ارشاد کر رہی ہو کیا

ہر کسی کو دیا ہے دل تم نے

شہر آباد کر رہی ہو کیا

اب جو آباد ہو گئی ہو تم

مجھ کو برباد کر رہی ہو کیا

مزید غزلیں از سید رضوان ممتاز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں