سید رضا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بہت عجیب ہے تعمیر کوئی گھر کرنا (غزل)
بہت عجیب ہے تعمیر کوئی گھر کرنا
رم غزال کو محدود بام و در کرنا
نمو کا زور تھا خوشبو فضا میں لہرائی
یہی تو ہے قفس رنگ میں بسر کرنا
قرار موت ہے منزل پذیر قدموں کی
مسافروں کو پھر آمادۂ سفر کرنا
زمانہ یاد سے تیری لپٹ کے روئے گا
مشاہدہ تو اے افتادۂ نظر کرنا
میں جس سے کٹ کے جدا ہو گیا تناور تھا
ہے اس کے نام رقم سایۂ شجر کرنا
بعید کیا ہے کہ جگنو سے چاند ڈھل جائے
ذرا سی آنچ کو اس طرح شعلہ ور کرنا
کبھی لطیف بدن پر شکن بھی پھبتی ہے
کبھی یہ پیرہن آلودہ لمس بھر کرنا
پر خوف ظلمتوں سے ہمیں پھر نکالیے (غزل)
پر خوف ظلمتوں سے ہمیں پھر نکالیے
اب کے جو ہو سکے کئی سورج اچھالیے
شامل کسی کا ہاتھ ہے میری اٹھان میں
یہ بیل جو چڑھی تو کوئی آسرا لیے
پتہ ہوں ایک شاخ سے ٹوٹا گرا ہوا
پھرتی رہے گی جانے کہاں تک ہوا لیے
انکار پیاس آگ لہو تن دریدگی
کوفے سے ہو نصیب پلٹنا تو کیا لیے
ہر بار اپنی چپ سے الجھتے رہا کئے
آساں نہیں ہیں حرف و نوا کے سوا لیے
ممکن ہے جسم تاب گہر دل کا بن سکے
یہ خواب ہے تو آنکھ کی سیپی میں پالیے
شاید کسی خیال کی تہ میں چھپے ملیں
ساحل ہرے بھرے کہ سمندر نے آ لیے