پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید قمرالدین قمر کی غزلیں — Syed Qamruddin Qamar Ghazals

سید قمرالدین قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بھوک افلاس تقاضات سے ڈر لگتا ہے (غزل)

بھوک افلاس تقاضات سے ڈر لگتا ہے

اب تو بچوں کے سوالات سے ڈر لگتا ہے

خشت بر خشت چنا کرتا ہے دیوار انا

دل کے ان کشف و کرامات سے ڈر لگتا ہے

چپ رہو واعظو اب اور نہ الجھاؤ ہمیں

آپ کے وعظ و خطابات سے ڈر لگتا ہے

نہ ملوں خود سے کہیں خوف سدا رہتا ہے

اب تو بس ذکر ملاقات سے ڈر لگتا ہے

گر نہ جاؤں میں زمانہ کی نگاہوں سے کہیں

گھر کے بگڑے ہوئے حالات سے ڈر لگتا ہے

تیر و نشتر کی طرح دل میں اترتے ہیں قمرؔ

تیرے الفاظ کے آلات سے ڈر لگتا ہے

رقص کرتی جا رہی ہے نیم عریانی ہوا (غزل)

رقص کرتی جا رہی ہے نیم عریانی ہوا

موہ لیتی ہے دل انسان شیطانی ہوا

ثبت کرتی ہے نشاں ہونٹوں کے غنچوں پر کبھی

ذہن کی ڈالی کو سہلاتی ہے رومانی ہوا

کالے کوسوں سے گزر کر بستیوں میں ٹھہر کر

تازگی دیتی رہی ہے سب کو مستانی ہوا

دشت و بستی کے عمل سے ہے یہ واقف اس لئے

دشت پر برسا کے جاتی ہے سدا پانی ہوا

خشک جھیلیں ہیں کہیں پر ہے کہیں تپتی زمیں

اور کہیں سیلاب لاتی ہے یہ طوفانی ہوا

بخش دیتی ہے کسی کو زندگانی اور پھر

روٹھ جاتی ہے کسی کے تن سے دیوانی ہوا

زر ہے جب تک ساتھ رہتی ہے قمرؔ یہ شوق سے

مفلسی میں روٹھ جائے جانی پہچانی ہوا

مزید غزلیں از سید قمرالدین قمر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں