سید قمر حیدر قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
قریب ہوں پہ تری دسترس سے باہر ہوں (غزل)
قریب ہوں پہ تری دسترس سے باہر ہوں
میں دشمنوں کے محلے میں دوست کا گھر ہوں
لطافتوں کی قیامت کوئی مذاق نہیں
میں آندھیوں میں ہوں اور خوشبوؤں کا رہبر ہوں
نصیب تو کسی بازار میں نہیں بکتے
مجھے سنبھال کے رکھ میں ترا مقدر ہوں
تو اپنے جسم کی کتنی رگوں کو کاٹے گا
میں تیرے دل نہیں تیرے لہو کے اندر ہوں
بڑا عذاب ہے اپنے سے آشنا ہونا
مرا یہ دکھ ہے کہ میں آگہی کی زد پر ہوں
تو مجھ کو دیکھ تو سکتا ہے چھو نہیں سکتا
یہ جان لے کہ میں شیشے کے گھر کے اندر ہوں
قمرؔ ہوا ہوں میں خوشبو کے بطن سے پیدا
یہی سبب ہے کہ دوش ہوا کے اوپر ہوں
دو پل جو وہ بات کر گئی ہے (غزل)
دو پل جو وہ بات کر گئی ہے
صدیوں کی تھکن اتر گئی ہے
زندہ کئے جس نے خواب میرے
خوابوں میں وہ رات مر گئی ہے
منظر میں یہ وسعتیں کہاں تھیں
میری ہی نظر بکھر گئی ہے
جھونکے کی مثال آئے گا وہ
خوشبو کی طرح خبر گئی ہے
لائے گی سمیٹ کر اسی کو
اک خالی نگاہ گھر گئی ہے
دل کتنا حسین ہوگا اس کا
جو میز پہ پھول دھر گئی ہے
سوچا تھا تو ذہن کم پڑا تھا
دیکھا ہے تو آنکھ بھر گئی ہے
وصال کی راہ سے گزر کر (نظم)
وصال کی راہ سے گزر کر
فراق کا موڑ آ گیا ہے
اور اب یہاں سے
اداس شاموں
سپاٹ راتوں کا سلسلہ ہے
مگر ابھی تک یہ ایک دل ہے
تو پیچھے مڑ مڑ کے دیکھتا ہے
سفر تو آگے کو بڑھ رہا ہے
مگر یہ دنیا تو دائرہ ہے
مراجعت عین واقعہ ہے
ہمیں یہ دیکھیں گے صبح فردا
کہ تازہ سورج نکل رہا ہے
فراق کی راہ سے گزر کر
وصال کا موڑ آ گیا ہے