سید قیصرعباس زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
روتے روتے آنکھ ہنسے تو ہنسنے دو (غزل)
روتے روتے آنکھ ہنسے تو ہنسنے دو
ہونٹوں پر مسکان کو زندہ رہنے دو
خوشیوں کی رت پر بھی ان کے پہرے ہیں
بے موسم کے پھول کھلیں تو کھلنے دو
کتنا گہرا سناٹا ہے ساحل پر
لہروں سے طوفان اٹھے تو اٹھنے دو
جانے کب وہ ایک مسافر آ پہنچے
چوکھٹ پر اک دیپ جلا کر جلنے دو
جن خوابوں میں اس کی خوشبو پھیلی ہے
ان خوابوں کو دل میں زندہ رہنے دو
لوگوں سے کہہ دو امیدیں زندہ ہیں
قیصرؔ آنسو پلکوں سے مت گرنے دو
اپنے ہی لوگ اپنے نگر اجنبی لگے (غزل)
اپنے ہی لوگ اپنے نگر اجنبی لگے
واپس گئے تو گھر کی ہر اک شے نئی لگے
خانوں میں بٹ چکی تھی سمندر کی وسعتیں
دریا محبتوں کے سمٹتی ندی لگے
راتوں کی بھینٹ چڑھ گئے وہ چاند جیسے لوگ
تاریکیوں کے دیو جنہیں کاغذی لگے
سونا سمیٹتی تھی جہاں کھیتیوں میں دھوپ
وہ فصل میرے گاؤں کی خاشاک سی لگے
راوی کی شام سندھ کی نکھری ہوئی سحر
کام آ سکے تو ان کو مری زندگی لگے
قیصرؔ دلوں کے فاصلے ایسے نہ تھے کبھی
دو گام طے کروں تو مجھے اک صدی لگے
کانپتے ہاتھ مرے (نظم)
کانپتے ہاتھ مرے
ایک دعا کو اٹھے
اے خدا
آج مرے خواب کی
تعبیر ملے یا نہ ملے
معجزے ہوں کہ نہ ہوں
پھر بشارت نئی صبحوں کی
ملے یا نہ ملے
آج کوئی اچھی خبر
شہر آشوب سے
اس شہر بتاں تک
پہنچے