سید پرویز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تو نہیں ہے تو زندگی ہے اداس (غزل)
تو نہیں ہے تو زندگی ہے اداس
ہر طرف ہے محیط ظلمت و یاس
وہ مسافر قریب منزل ہے
کھو چکا ہے جو اپنے ہوش و حواس
اترے اترے ملول چہروں پر
بکھرا بکھرا سا رنگ عالم یاس
چھیڑ دو پھر کوئی ترانۂ غم
ٹوٹ جائے نہ زندگی کی آس
موت بھی تو اسے نہیں آتی
ہو چکا ہے جو زندگی سے اداس
خاموشی کا سبب کچھ اور ہی ہے
ورنہ دل میں نہ خوف ہے نہ ہراس
اب یہ پرویزؔ دل کا عالم ہے
کوئی امید ہے نہ کوئی آس
ہائے وہ مسکرائے جاتے ہیں (غزل)
ہائے وہ مسکرائے جاتے ہیں
دو جہاں لڑکھڑائے جاتے ہیں
اف وہ تاروں کی مست چھاؤں میں
آپ ہی مسکرائے جاتے ہیں
ہر تبسم ہے ایک افسانہ
جس کو ہنس کر سنائے جاتے ہیں
ہائے ان مست انکھڑیوں کی قسم
دو جہاں کو پلائے جاتے ہیں
میرے رنگین شعروں کو پرویزؔ
مجھ سے چھپ کر وہ گائے جاتے ہیں
زندگی اک سفر ہے صدیوں سے (نظم)
زندگی اک سفر ہے صدیوں سے
بہتا آیا ہے بہتا جائے گا
ہم اگر اس کو روکنا چاہیں
موت کا ساتھ ڈھونڈھنا ہوگا
یہ بھی صدیوں کی اک روایت ہے
جب بھی ہم زندگی سے لڑتے ہیں
اور چاہتے ہیں کہ نجات ملے
موت ہی صرف ایسا رشتہ ہے
جو ہمیں معتبر سا لگتا ہے
اور لگتا ہے مل کے ہم اس سے
زندگی سے نجات پا لیں گے
اور پا لیں گے اک سکون جسے
نہ ضرورت ہو سانس لینے کی
نہ ہی عادت ہو بہتے رہنے کی
کتنے برسوں سے کتنی صدیوں سے
بہتا آیا ہے زندگی کا سفر
اور اب تو یہ حال ہے اس کا
بہتے رہنا ہی اس کی عادت ہے
عادتیں بھی عجیب ہوتی ہیں