سید نیاز علی نیاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پھول تو پھول ہیں کانٹوں پہ نظر ہے میری (غزل)
پھول تو پھول ہیں کانٹوں پہ نظر ہے میری
ایک مدت سے بہاروں پہ نظر ہے میری
عکس در عکس نظاروں پہ نظر ہے میری
ڈوبتے چاند ستاروں پہ نظر ہے میری
دیکھنا یہ تھا مجھے کون سہارا دے گا
تم نے سمجھا کہ سہاروں پہ نظر ہے میری
کیا بھروسہ ہے چراغوں کا جلیں یا نہ جلیں
جھلملاتے ہوئے تاروں پہ نظر ہے میری
سر پھری تیز ہواؤں کا مجھے کیا ڈر ہے
بادباں تیرے اشاروں پہ نظر ہے میری
برگ و گل شاخ و ثمر ہو گئے محفوظ نیازؔ
باغ میں جب سے شراروں پہ نظر ہے میری
شاخ سے پھول جدا کرتے ہو کیا کرتے ہو (غزل)
شاخ سے پھول جدا کرتے ہو کیا کرتے ہو
پھر بہاروں کی دعا کرتے ہو کیا کرتے ہو
جب یہ معلوم ہے ہر وقت دعا دیتے ہیں
ایسے لوگوں سے وفا کرتے ہو کیا کرتے ہو
یہ جو تلوار ہے مظلوم کو بخشی جاتی
تم تو ظالم کو عطا کرتے ہو کیا کرتے ہو
اس طرح بات کا مفہوم بدل جائے گا
لفظ سے لفظ جدا کرتے ہو کیا کرتے ہو
شخصیت جتنی ہے اتنا ہی نظر آئے گا
قد سے آئینہ بڑا کرتے ہو کیا کرتے ہو