پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید نظیر حسن سخا دہلوی کی غزلیں — Syed Nazeer Hasan Sakha Dehlavi Ghazals

سید نظیر حسن سخا دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میری نگہ میں یار میں اس کی نگاہ میں (غزل)

میری نگہ میں یار میں اس کی نگاہ میں

ذرہ میں ماہتاب ہے ذرہ ہے ماہ میں

دل میں ہے دود آہ تو دل دود آہ میں

ابر سیاہ گھر میں گھر ابر سیاہ میں

ایسا کیا ہے فوج حوادث کا سامنا

حیرت میں ہے سپاہ تو حیرت سپاہ میں

پھیلی ہوئی ہے زلف کہ چھائی ہوئی گھٹا

ابر سیاہ تم میں تم ابر سیاہ میں

غم میں خوشی ہے اور خوشی میں نہاں ہے غم

مضمر ہے آہ واہ میں اور واہ آہ میں

کیا دیکھتا ہے مجھ کو سراپا ہوں چشم شوق

میری نگاہ تجھ پہ تو میری نگاہ میں

الشیخ وقت کیا یہ ہمارا قصور ہے

لذت میں ہے گناہ تو لذت گناہ میں

میری نظر میں تم ہو تمہاری نظر میں میں

میری نگہ میں تم میں تمہاری نگاہ میں

شکوہ میں شکر شکر میں شکوہ ملا ہوا

یہ آہ میری راہ میں اور واہ آہ میں

میں اس کا صید حسن وہ میرا شکار عشق

اس کی نگاہ مجھ پہ وہ میری نگاہ میں

دل تم میں اور دل میں تم اللہ رے نصیب

شہہ مسکن گدا میں گدا قصر شاہ میں

دل بزم یار میں ہے تو دل میں ہے بزم یار

مجھ میں ہے جلوہ گاہ تو میں جلوہ گاہ میں

سر اور کلاہ دونوں سخاؔ بے ثبات ہیں

دم میں کلاہ سر پہ نہ سر ہے کلاہ میں

ستم کرنا کرم کرنا وفا کرنا جفا کرنا (غزل)

ستم کرنا کرم کرنا وفا کرنا جفا کرنا

مگر جو عہد کر لینا وہ آخر تک وفا کرنا

کیا خلوت میں مجھ کو قتل اور محفل میں روتے ہو

قیامت ڈھا کے اچھا یاد ہے محشر بپا کرنا

بتا اے حسن کب تک عشق کی تقدیر میں آخر

بمنت دل دیا کرنا بہ حسرت منہ تکا کرنا

نہ دل واپس نہ دل داری یہ کیا شیوہ ہے تم کو تو

نہ آیا قرض ادا کرنا نہ آیا فرض ادا کرنا

شراب عشق ہر ملت میں ہر مذہب میں جائز ہے

یہ کیا آفت ہے اے واعظ روا کو ناروا کرنا

نگاہ مست ساقی بادہ خواروں سے یہ کہتی ہے

بتوں کی جب نظر سے گر پڑو یاد خدا کرنا

تمہارا نام لیوا معتقد اولاد مدحت گر

سخاؔ کی مشکلیں حل یا علیؑ مشکل کشا کرنا