سید نواب حیدر نقوی راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چراغ شوق لہو سے جلا دیا ہم نے (غزل)
چراغ شوق لہو سے جلا دیا ہم نے
اک اور قصۂ وحشت سنا دیا ہم نے
جو موج سر کو پٹکتی رہی ہے ساحل سے
اسی کو رو کش طوفاں بنا دیا ہم نے
نئے جو ہم سفر کیش عشق ہیں ان کو
مآل سوز محبت بنا دیا ہم نے
بسان خانہ بدوشاں کئی ہے عمر اپنی
جہاں قیام کیا گھر بنا دیا ہم نے
بجھی بجھی سی رہے شمع آرزو سر بزم
سو روشنی کے لیے دل جلا دیا ہم نے
زمین شور لگی دشت آرزو میں جہاں
وہیں پہ عشق کا پودا لگا دیا ہم نے
چلے ہیں رہ گزر شوق پر ہوا کی طرح
جو آیا سامنے راہیؔ ہٹا دیا ہم نے
وقت جیسا ہے بہ ہر طور گزر جانا ہے (غزل)
وقت جیسا ہے بہ ہر طور گزر جانا ہے
آج جو زندہ حقیقت ہے کل افسانہ ہے
کب جلی شمع تمنا ہمیں کچھ یاد نہیں
اتنا معلوم ہے جل کر اسے بجھ جانا ہے
میری وحشت نے ابھی پاؤں نکالے بھی نہ تھے
دل بے تاب نے ضد کی مجھے گھر جانا ہے
وا اگر باب مروت کو نہیں ہے ہونا
آج ہی کہہ دیں جو کل آپ کو فرمانا ہے
گردش وقت کا یہ جبر ہے شاید جو لوگ
صبح زندہ ہیں مگر شام کو مر جانا ہے
چشم بینا پہ لگی تہمت نظارہ یوں ہی
حد ادراک تلک تار نظر جانا ہے
غرق ہونا نہ کہیں خواب فراموشی میں
منہ اندھیرے ہی تمہیں راہیؔ اگر جانا ہے