پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید نوید حیدر جعفری کی غزلیں — Syed Naved Haider Jaffery Ghazals

سید نوید حیدر جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ٹھیک اپنے تعلقات کریں (غزل)

ٹھیک اپنے تعلقات کریں

یہ ہی بہتر ہے آؤ بات کریں

گفتگو پر نتیجہ خیز رہے

سیر حاصل مذاکرات کریں

دوریوں کا سبب جو بن گئے ہیں

دور وہ سب تحفظات کریں

حل طلب کوئی مسئلہ نہ رہے

سیدھے سارے معاملات کریں

مل کے ہم ڈھونڈیں مشکلات کا حل

نہ کہ پیدا تنازعات کریں

تم ہو کیا تم کو دیکھ لوں گا میں

بند یہ باتیں واہیات کریں

زندگی کے کوئی معانی بھی ہوں

یہ نہیں بس کہ دن کو رات کریں

نا پسند اس کو منکرات ہیں سب

یہ ہی اچھا ہے صالحات کریں

لوٹ کر وہ بھی گھر گیا ہوگا (غزل)

لوٹ کر وہ بھی گھر گیا ہوگا

اب تو پانی اتر گیا ہوگا

پانی پانی جو ہو رہا ہے وہ

پانی سر سے گزر گیا ہوگا

وسعت قلب کب تلک لیکن

دل ہے آخر کو بھر گیا ہوگا

خوف میں مبتلا جئے کیسے

ڈر گیا تھا وہ مر گیا ہوگا

لوگ اب تک اسے نہیں بھولے

کام کچھ ایسا کر گیا ہوگا

سب ہے اس کا کیا دھرا پر وہ

مجھ پہ الزام دھر گیا ہوگا

دوست مصروف ہیں سبھی اس کے

سوچتا ہوں کدھر گیا ہوگا

گزرا ہوگا نظر جھکا کے وہ

اس گلی میں مگر گیا ہوگا

اپنے گھر میں سنا ہے خوش ہے وہ

اور بھی کچھ نکھر گیا ہوگا

مزید غزلیں از سید نوید حیدر جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں