سید نصیر شاہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیری گلی میں اک دیوانہ اکثر آیا کرتا تھا (غزل)
تیری گلی میں اک دیوانہ اکثر آیا کرتا تھا
دیواروں سے سر ٹکرا کے لطف اٹھایا کرتا تھا
بیٹھ کے ساحل پر ہم دونوں سپنے بویا کرتے تھے
ریت کے سینے پر اک بچہ محل اگایا کرتا تھا
آج بھی اس مرحوم کی یادیں اشکوں سے پیوستہ ہیں
دل دکھیارا تیرے میرے درد بٹایا کرتا تھا
میرے پاؤں چاٹ کے میرے قد سے بھی بڑھ جاتا تھا
میرے ساتھ تماشے کتنے میرا سایہ کرتا تھا
نوک مژہ پر کتنے قلزم تھام کے بیٹھا رہتا تھا
جانے کیوں میں گہرے گہرے زخم چھپایا کرتا تھا
یہ بھی حصول ناموری کی کتنی پاگل کوشش تھی
آب رواں پر لکھ کے اپنا نام مٹایا کرتا تھا
جو بھی تخت پہ آ کر بیٹھا اس کو یزداں مان لیا (غزل)
جو بھی تخت پہ آ کر بیٹھا اس کو یزداں مان لیا
آپ بہت ہی دیدہ ور تھے موسم کو پہچان لیا
جب بھی تھکن نے کاٹ کے پھینکا دشت گزیدہ قدموں کو
جلتی ریت پہ کھال بچھائی دھوپ کا خیمہ تان لیا
اپنی انا کا باغی دریا وصل سے کیا سرشار ہوا
اس کا نشاں بھی ہاتھ نہ آیا سارا سمندر چھان لیا
قسمت کے بازار سے بس اک چیز ہی تو لے سکتے تھے
تم نے تاج اٹھایا میں نے غالبؔ کا دیوان لیا
ذات صفات سے عاری ہو تو کیسا تعاون خارج کا
آنکھ تو تھی نا بینا ناحق سورج کا احسان لیا