سید ندیم کمال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک جھلک اپنی دکھا کر چل دئے (غزل)
اک جھلک اپنی دکھا کر چل دئے
ہنس رہا تھا میں رلا کر چل دئے
تھا مکاں دل کا مرے تاریک تھا
شمع الفت کیوں جلا کر چل دئے
کیسے پوری ہوگی ان کو کیا غرض
آرزو دل میں بسا کر چل دئے
کیا اسی اعزاز کے قابل تھا میں
بزم میں مجھ کو بٹھا کر چل دئے
ان سے امید وفا کچھ تھی نہیں
حال دل اپنا سنا کر چل دئے
ان کو مطلب تھا ندیمؔ اتنے ہی سے
اپنا دیوانہ بنا کر چل دئے
تو اگر پھول ہے خوش رنگ فضا ہوں میں بھی (غزل)
تو اگر پھول ہے خوش رنگ فضا ہوں میں بھی
تو جو گلشن ہے تو پھر موج صبا ہوں میں بھی
یہ الگ بات کہ اب اس کی ضرورت نہ رہی
تو نے مانگی تھی خدا سے وہ دعا ہوں میں بھی
نبض ہستی کی بھی رفتار کو پہچان ذرا
دل دھڑکنے کی ترے کوئی صدا ہوں میں بھی
آج بھی اپنے کف دست پہ تو غور سے دیکھ
پھیکا پھیکا ہی سہی رنگ حنا ہوں میں بھی
جس کے اصرار پہ پھینکی تھی تکلف کی نقاب
خلوت شوق کی تیری وہ خطا ہوں میں بھی
کوئی منزل تو نہیں راہیں مگر ہیں شاہد
خود کو پانے کے لئے کتنا چلا ہوں میں بھی
کشور حسن کا ہے ناز اگر وہ اے ندیمؔ
مجھ کو ہے فخر کہ تقدیس وفا ہوں میں بھی