پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید مزمل احمد سیاہ کی غزلیں — Syed Muzammil Ahmad Siyah Ghazals

سید مزمل احمد سیاہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لکھا دیکھا بہت میں نے کتابوں میں فسانوں میں (غزل)

لکھا دیکھا بہت میں نے کتابوں میں فسانوں میں

تو شاہیں ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں

محبت تھی مجھے اس سے عبادت کر نہیں پایا

پڑا ہوں ہم کلامی کی امنگ میں آستانوں میں

میں اپنی بات کرنے کے کہاں قابل رہا لوگو

کہیں کچھ بھی نہیں آیا کہیں ہوں راز دانوں میں

میں اس کے پاس جاتا ہوں بہت نزدیک لیکن چپ

جہاں سب مانگ لوں اس سے مگر ہوں بے زبانوں میں

اسے فرصت ہی فرصت ہے مجھے ملتی نہیں ساعت

وہ داتا ہے وہ دے دے گا مگر میں نا مرادوں میں

مجھے ہلنا نہیں آیا مجھے چلنا ہی کب آیا

مرے پر بھی نہیں میرے وہی ہے ان اڑانوں میں

تمہاری بات ہے یکتا تمہارے رنگ انوکھے ہیں

انوکھے رنگوں میں رنگ کے سیاہؔ ہے آسمانوں میں

یہ زیست آسان ہو کتنی عبادت ساتھ رہتی ہے (غزل)

یہ زیست آسان ہو کتنی عبادت ساتھ رہتی ہے

محبت مر نہیں سکتی محبت ساتھ رہتی ہے

کسی عامل نے بولا تھا مری روداد سن کے یہ

میاں یہ عیش ممنوع ہے ضرورت ساتھ رہتی ہے

مری قیمت مری تسلیم کے گوہر میں پنہاں ہے

یہ قسمت کب سدھرتی ہے مصیبت ساتھ رہتی ہے

دم رخصت جو ہنستے ہیں وہی روتے ہیں خلوت میں

گرائے لاکھ پردے ہوں حقیقت ساتھ رہتی ہے

سیاہؔ کعبے بہت دیکھے بڑے سجدے کئے لیکن

عقیدت کب بھٹکتی ہے عقیدت ساتھ رہتی ہے

تمہیں خبر ہے (نظم)

تمہیں خبر ہے

میں چھوٹا تھا تو

تمہارے برتن تمہارے چمچے

تمہاری چھوٹی سی چائے کی پیالی سے کھیلتا تھا

تمہاری گڑیا

تمہارے جھولے میں تم نہ جھولیں

میں جھولتا تھا

تمہیں بھی اپنے کھلونوں سے

ذرا بھی رغبت نہیں رہی تھی

تم اکثر

میرے ہی روبٹوں کے آس پاس ہی

گھومتی تھیں

چھپاؤں ان کو تو

ڈھونڈھتی تھیں

میرے کھلونوں سے مجھ کو ایسی بھی خاص رغبت

نہیں رہی تھی

تمہارے برتن تمہاری پیالی

تمہارے ہوتے بھی

آس پاس میرے رہے تھے

میں اب جو سوچوں

تو دل یہ میرا بولتا ہے

کہ دن جمعے کا

یا شب جمعے کی

جمعے کے دن سے رہی ہے نسبت

میں تم سے ملنے نہیں ہوں آیا

تم مجھ سے ملتی نہیں رہی ہو

مگر جو پوچھو

تو سچ یہی ہے

کسی نے دیکھا ہمیں نہیں ہے

مگر میں برتن

تمہارے جھولے

روبٹوں کے ہی درمیان

رہ رہی ہو

مزید غزلیں از سید مزمل احمد سیاہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں