پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید مظفر احمد ضیا کی غزلیں — Syed Muzaffar Ahmad Ziya Ghazals

سید مظفر احمد ضیا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب رات سہانی ہوتی ہے اور رقص میں تارے ہوتے ہیں (غزل)

جب رات سہانی ہوتی ہے اور رقص میں تارے ہوتے ہیں

اس وقت محبت کے لمحے کچھ اور بھی پیارے ہوتے ہیں

کچھ خود سے لپٹ کر روتے ہیں کچھ روتے ہیں اوروں کے غم میں

وہ درد کے مارے ہوتے ہیں یہ ظرف کے مارے ہوتے ہیں

اک ایسی منزل آتی ہے احساس کے نازک لمحوں میں

جب دیکھنے والا کوئی نہ ہو بے تاب نظارے ہوتے ہیں

جب دشت نوردی کے باعث کچھ ذوق سفر بڑھ جاتا ہے

دزدیدہ نگاہیں اٹھتی ہیں نادیدہ اشارے ہوتے ہیں

سچ کہنا زباں سے مشکل ہے سچ لکھنا قلم سے نا ممکن

اظہار صداقت کھیل نہیں لفظوں میں شرارے ہوتے ہیں

گرداب میں آ جاتا ہے ضیاؔ جب کوئی سفینہ قسمت سے

موجوں میں تلاطم ہوتا ہے اور دور کنارے ہوتے ہیں

اندیشہ ہائے سود و زیاں تک نہ آ سکے (غزل)

اندیشہ ہائے سود و زیاں تک نہ آ سکے

ہم جس جگہ تھے لوگ وہاں تک نہ آ سکے

کیا جانیے بھٹکتے پھریں گے کہاں کہاں

وہ حادثے جو میرے مکاں تک نہ آ سکے

جتنا وفا کا پاس تھا اتنا ہی اجتناب

وہ راز تھے جو وہم و گماں تک نہ آ سکے

ہم تو سجائے بیٹھے تھے محفل خیال کی

کیا کیجئے کہ لوگ یہاں تک نہ آ سکے

انداز گفتگو میں رہے اتنی احتیاط

احساس کرب لفظ و بیاں تک نہ آ سکے

چاہا تھا اپنے حال پہ کچھ تبصرہ کریں

لیکن بہت سے لفظ زباں تک نہ آ سکے

کس راستے سے آئے ضیاؔ تم ہمارے پاس

ہم تو وہاں تھے کوئی جہاں تک نہ آ سکے

کھو گیا ہے تو کن نظاروں میں (نظم)

کھو گیا ہے تو کن نظاروں میں

میں نے ڈھونڈا تجھے بہاروں میں

سرد برسات کی پھواروں میں

باغ کی دل نشیں قطاروں میں

سرو شمشاد اور چناروں میں

گلستانوں میں لالہ زاروں میں

وادیوں اور مرغ زاروں میں

مہ جبینوں میں ماہ پاروں میں

دور پر پیچ کوہساروں میں

گرم صحرا کے ریگزاروں میں

غیر مانوس گہرے غاروں میں

ہر طرف پر خطر نظاروں میں

اور اب کر رہا ہوں تجھ کو تلاش

آسماں کے حسین تاروں میں

مزید غزلیں از سید مظفر احمد ضیا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں