پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید مظفر عالم ضیا عظیم آبادی کی غزلیں — Syed Muzaffar Aalam Ziya Azeemabadi Ghazals

سید مظفر عالم ضیا عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر سمت ہے طوفان بلا سوچ رہا ہوں (غزل)

ہر سمت ہے طوفان بلا سوچ رہا ہوں

قسمت میں ہے کیا اپنی لکھا سوچ رہا ہوں

یہ مجھ کو ملی کس کی سزا سوچ رہا ہوں

کیا مجھ سے ہوئی کوئی خطا سوچ رہا ہوں

کہتے ہیں توقع ہی نہیں مجھ کو کسی سے

کرتے ہیں مگر پھر بھی گلا سوچ رہا ہوں

کچھ پاس وفا خون کا رکھنا ہی پڑے گا

اپنا تو ہے ہو لاکھ برا سوچ رہا ہوں

تار نفس شوق میں الجھا ہے زمانہ

انجام غم شوق ہو کیا سوچ رہا ہوں

لالی تو نہ تھی اتنی کبھی شوخ حنا کی

کیوں آج ہے یہ رنگ حنا سوچ رہا ہوں

سرسبز تھا کل تک سو جلا آج پڑا ہے

گلشن میں چلی کیسی ہوا سوچ رہا ہوں

کرتے ہیں وہ خود قتل پس مرگ ہیں روتے

واللہ ہے یہ کیسی ادا سوچ رہا ہوں

میں سوچ رہا ہوں وہ مجھے بھول ہی بیٹھے

کیوں میں نہ انہیں بھول سکا سوچ رہا ہوں

کیوں مجھ سے خفا آپ ہیں کیوں روٹھے ہوئے ہیں

کیا مجھ سے ہوئی ایسی خطا سوچ رہا ہوں

منہ پھیرے گزر جائیں گے مجھ سے بھی کبھی وہ

پہلے کبھی سوچا بھی نہ تھا سوچ رہا ہوں

کچھ اپنی تباہی کا نہیں مجھ کو ضیاؔ غم

جاتی ہے کدھر اب یہ بلا سوچ رہا ہوں

یارو کیسی بستی ہے یہ کیسے ہیں دیوانے لوگ (غزل)

یارو کیسی بستی ہے یہ کیسے ہیں دیوانے لوگ

آپس میں ہیں دست و گریباں سب جانے پہچانے لوگ

اپنے من کے سانپ کا ہی کچھ خوف سمایا رہتا ہے

جب ہی اپنے سائے سے ہیں آج لگے ڈر جانے لوگ

کچھ تو وقت کی آندھی نے ہی دل کی راکھ کریدی ہے

کچھ نا سمجھی سے بھی اپنی آگ لگے بھڑکانے لوگ

نفرت کے اک ناگ نے گویا سب کو ہی ڈس رکھا ہے

کل ہم کو پہچان رہے تھے آج نہیں پہچانے لوگ

کل تک اس ڈیوڑھی پر آکر درس وفا لے جاتے تھے

آہ اسی در پر آئے ہیں آج ہمیں سمجھانے لوگ

کیا پوچھو ہو کیا بتلائیں دل پر کیا کچھ بیتی ہے

کل تک سب اپنے ہی تھے کیوں آج ہوئے بیگانے لوگ

اپنے دل میں ہم کیا کیا طوفان چھپائے بیٹھے ہیں

کیا جانیں گے کیا سمجھیں گے یہ غم سے بیگانے لوگ

کل تک جہد مسلسل کو ہی اپنا شعار بنایا تھا

شیش محل کے سپنوں میں ہی آج لگے کھو جانے لوگ

شیخ و حرم کے جھگڑوں سے تو دل کچھ اتنا اوب گیا

دیر و حرم کو چھوڑ کے اب تو آ بیٹھے میخانے لوگ

کل تک ہم ہی ناز وطن تھے ہم ہی شان گلشن تھے

ننگ وطن گردان کے ہم کو آج لگے ٹھکرانے لوگ

اک احساس کی چنگاری سے دل میں آگ وہ بھڑکی ہے

چہرے کی رنگت سے دل کا حال لگے بتلانے لوگ

خوشبو دل کے زخموں کی پھر آج ضیاؔ کے پھیلی ہے

دیکھو اس کے پاؤں میں بیڑی آئے ہیں پہنانے لوگ

دیس کے بچو پیارے بچو (نظم)

دیس کے بچو پیارے بچو

سب کی آنکھ کے تارے بچو

تم سے شان وطن کی پیارے

تم ہو آن وطن کی پیارے

تم ہی دیس کے رکھوالے ہو

تم دھرتی کے اجیالے ہو

ہر سو آج اندھیرا دیکھو

بغض و حسد کا ڈیرا دیکھو

بھائی بھائی سے لڑتا ہے

ہائے یہ کیسا دن آیا ہے

نفرت کی اک آگ لگی ہے

دھرتی غم سے ڈول رہی ہے

آؤ تم بھی دیپ جلاؤ

اندھیارے کو دور بھگاؤ

گیت کچھ ایسے مل کر گاؤ

پیار کی دل میں جوت جلاؤ