سید محمد وقیع کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کرتی ہیں سجدے کہاں پیشانیاں (غزل)
کرتی ہیں سجدے کہاں پیشانیاں
کہنے میں آسان ہیں آسانیاں
بیٹے بازو بنتے ہیں یہ ٹھیک ہے
بیٹیاں ہوتی ہیں گھر کی رانیاں
جب بھی وعدہ کرتا ہے کوئی وزیر
جھوٹ کو ہوتی ہیں تب حیرانیاں
بچپنا گھٹ گھٹ کے گزرا ہے مرا
وقت نے کیں اس قدر شیطانیاں
مفت مل جائے تو کیسی اہمیت
رائیگاں جاتی ہیں کچھ قربانیاں
ایک بھی گھر بچ نہیں پایا یہاں
شہر دل کو کھا گئیں ویرانیاں
حال دل اپنا تو ایسا ہے وقیعؔ
ظلمتوں کے بیچ ہیں تابانیاں
فکر سے خود کو چھڑانا چاہیے (غزل)
فکر سے خود کو چھڑانا چاہیے
پھر سے بچپن کا زمانہ چاہیے
موت کی دستک سنائی دے چکی
کس لیے اب جینا آنا چاہیے
چپ سے سہنا ہو جہاں تذلیل کو
پھر وہاں قطعاً نہ جانا چاہیے
لڑ رہے ہو بے سبب کیا بات ہے
کیا بچھڑنے کا بہانہ چاہیے
غم ہو ان کا میری خوشیوں میں شریک
عید پر نوحہ سنانا چاہیے
کامیابی کی ہے دشمن بد نظر
بات کو تھوڑا چھپانا چاہیے
جان لینا چاہیے پہلے مزاج
پھر کہیں پر دل لگانا چاہیے
ہے خبر دل ٹوٹ جائے گا مگر
دوستوں کو آزمانا چاہیے
ایک دم رخصت نہیں ہوتے وقیعؔ
پہلے تھوڑا پاس آنا چاہیے