پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید محمد مجیب الحسن کی غزلیں — Syed Mujeebul Hasan Ghazals

سید محمد مجیب الحسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ کیسا دور یہ کیسی صدی ہے (غزل)

یہ کیسا دور یہ کیسی صدی ہے

جدھر دیکھو ہجوم بے دلی ہے

بس اتنی سی ہماری زندگی ہے

سویرا آ گیا رات آ رہی ہے

وہی شب ہے وہی بارہ دری ہے

چلا آ تو کہ بس تیری کمی ہے

چراغوں نے نہ جانے کہہ دیا کیا

ہوا دہلیز پر ٹھہری ہوئی ہے

سحر دم قتل ہو جائے گا سورج

تبھی یہ رات بھی سہمی ہوئی ہے

چلو اس پیڑ کے نزدیک دیکھو

مہک سی کچھ لہو کی آ رہی ہے

ترے چہرے کی نزہت دیکھ لی کیا

شگفتہ کیوں چمن کی ہر کلی ہے

ابھی سیراب ہو جائیں گے ہم لوگ

وہ دیکھو سامنے بہتی ندی ہے

کوئی گھر چھوڑ کر ہے جانے والا

دریچے سے اداسی جھانکتی ہے

ستارے دم بخود ہیں چاند خاموش

سہانی رات رخصت ہو رہی ہے

جہاں چھڑتے تھے خوشیوں کے ترانے

مجیبؔ اس گھر پہ قابض خامشی ہے

رائیگاں عشق کا انجام کہاں ہوتا ہے (غزل)

رائیگاں عشق کا انجام کہاں ہوتا ہے

اب مرا غم ترے چہرے سے عیاں ہوتا ہے

آج منہ موڑ کے جانے لگیں یادیں اس کی

آج تاراج مرا کوچۂ جاں ہوتا ہے

گردش وقت غلط نکلا ترا اندازہ

ٹھوکریں کھا کے مرا عزم جواں ہوتا ہے

ٹیس جب دل میں ابھرتی ہے تری یادوں کی

تب کہیں اپنے بھی ہونے کا گماں ہوتا ہے

اے فلک کیا مجھے دکھلاتا ہے تو چاند اپنا

اس سے روشن تو مرے دل کا دھواں ہوتا ہے

ایسا طوفان بلا خیز ہے اس کا انداز

بے طناب آج مرا خیمۂ جاں ہوتا ہے

آسماں والے ہیں کیوں محو سماعت اے مجیبؔ

کون گویا یہ سر نوک سناں ہوتا ہے

مزید غزلیں از سید محمد مجیب الحسن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں