سید مبین علوی خیرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی کی ہر نفس میں بے کلی تیرے بغیر (غزل)
زندگی کی ہر نفس میں بے کلی تیرے بغیر
ہر خوشی لگتی ہے دل کو اجنبی تیرے بغیر
فصل گل نے لاکھ پیدا کی فضائے پر بہار
غنچۂ دل پر نہ آئی تازگی تیرے بغیر
تشنہ کامی کو مری سیراب کرنے کے لئے
اٹھتے اٹھتے وہ نظر بھی رہ گئی تیرے بغیر
کوئی جلوہ کوئی منظر مجھ کو بھاتا ہی نہیں
چاند کی صورت بھی ہے بے نور سی تیرے بغیر
رہ گیا آخر سکوں نا آشنا ہو کر مبینؔ
آہٹیں ہونے لگیں ہیں درد کی تیرے بغیر
تمہارے آنے کا جب جب بھی اہتمام کیا (غزل)
تمہارے آنے کا جب جب بھی اہتمام کیا
تو حسرتوں نے ادب سے مجھے سلام کیا
کہاں کہاں نہ نظر نے تمہاری کام کیا
اتر کے دل میں امیدوں کا قتل عام کیا
غموں کے دور میں ہنس کر جو پی گئے آنسو
تو آنے والی مسرت نے احترام کیا
یہ کس نے چن کے مسرت کے پھول دامن سے
غموں کا بوجھ مری زندگی کے نام کیا
مبینؔ گلشن ہستی میں آگ بھڑکی ہے
جنون شوق نے کیا خوب اپنا کام کیا