پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید معین الدین مخفی کی غزلیں — Syed Moinuddin Makhfi Ghazals

سید معین الدین مخفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کتنی بھلی ہے دنیا یا پھر بری ہے دنیا (غزل)

کتنی بھلی ہے دنیا یا پھر بری ہے دنیا

جیسا مزاج میرا ویسی لگی ہے دنیا

اس کے سنوارنے میں حالت بگڑ رہی ہے

جو دائمی ٹھکانہ وہ دوسری ہے دنیا

دل سے نکالنے میں تکلیف ہو رہی ہے

کن مدتوں سے میرے دل میں رہی ہے دنیا

نیچی نگاہ رکھنا دامن بچا کے چلنا

کانٹوں بھری اندھیری ٹیڑھی گلی ہے دنیا

رکھتا ہے یاد رب کو کب کب کہاں کہاں تو

بس دیکھ لے یہی تو کیسی سجی ہے دنیا

اعمال کی زباں سے جو ہیں خدا کے منکر

ان کے لئے تو آخر سب کچھ یہی ہے دنیا

معصومیت کو اپنی جس نے جوان رکھا

اس کے لئے تو یارو بوڑھی بڑی ہے دنیا

قدرت کی نعمتوں کا انکار کیوں کروں میں

عقبیٰ سنوارنے کو مجھ کو ملی ہے دنیا

میں جو بھلا ہوں مخفیؔ سارے بھلے لگے ہیں

کیونکر کہوں بھلا میں کتنی بری ہے دنیا

کہاں ہیں مخفی وہ شاہزادے جئے جو محلوں کی شان بن کر (غزل)

کہاں ہیں مخفی وہ شاہزادے جئے جو محلوں کی شان بن کر

دلوں کی بستی بسا نہ پائے گئے تو اجڑا مکان بن کر

ہر ایک لمحہ حیات کا ہو چراغ حب نبی سے روشن

ثنائے رب میں ہی نیند آئے اٹھو سحر کی اذان بن کر

ہماری اردو نبی کی عربی سے مل کے شیر و شکر ہوئی ہے

یہاں کی مٹی میں خاک طیبہ بسی ہے مومن کی جان بن کر

گئے کہاں وہ جئے جو حق پر صدائے حق ہے وفات میں بھی

ہنوز ہم سن رہے ہیں ان کو گئے جو حق کا بیان بن کر

وہ شاخ گل جو قلم کی صورت بڑھی تھی آگے جڑیں جمانے

پہنچ نہ پائی زمین دل تک انا نے روکا چٹان بن کر

ہمارے بھارت کے سارے نیتا اگر سیاست نبی سے سیکھیں

چمک اٹھے گا جہاں میں سارے یہ ملک سچا مہان بن کر

یزیدیت سے مقابلہ ہے حسینی لشکر بنائے رکھو

روانگی بھی مثال کی ہو جیو نبی کے جوان بن کر

کسی نے مخفیؔ کیا بھروسہ وراثتوں کی حفاظتوں کا

یقیں میں مالک مجھے بدل دے مروں نہ جھوٹا گمان بن کر

مزید غزلیں از سید معین الدین مخفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں