سید مومن اقبال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہاتھ رسماً تو یہاں سب سے ملایا جائے (غزل)
ہاتھ رسماً تو یہاں سب سے ملایا جائے
یہ ضروری تو نہیں دل میں بسایا جائے
گو کہ معلوم ہے ہم کو تری عادت لیکن
ہم نبھائیں گے جہاں تک بھی نبھایا جائے
عیب جوئی میں لگے رہتے ہیں جو اوروں کی
کیوں نہ اب ان کو بھی آئینہ دکھایا جائے
ہم تو بدلے میں جفاؤں کے وفا کرتے رہے
ہم نے کیا جرم کیا یہ تو بتایا جائے
ہو گئے ختم سبھی راہ کے کانٹے مومنؔ
پاؤں کہتے ہیں لہو اور بہایا جائے
اس کشمکش سے ہم کو گزر جانا چاہیے (غزل)
اس کشمکش سے ہم کو گزر جانا چاہیے
گھبرائے گھر سے دل تو کدھر جانا چاہیے
تنگ آ چکے ہیں اتنے غم زندگی سے ہم
ہر وقت سوچتے ہیں کہ مر جانا چاہیے
پینے کے بعد اور بھڑکنے لگی ہے پیاس
جام حیات اب تجھے بھر جانا چاہیے
چاروں طرف غبار ہے منزل نہ راستہ
ہم سوچتے ہیں ہم کو کدھر جانا چاہیے
گر چاہتے ہو تم کو غموں سے ملے نجات
بہتر یہ ہے کی سجدے میں سر جانا چاہیے
مزید غزلیں از سید مومن اقبال ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں