پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید مظہر گیلانی کی غزلیں — Syed Mazhar Gilani Ghazals

سید مظہر گیلانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میری راتوں میں پھر اک بار ستارے چمکے (غزل)

میری راتوں میں پھر اک بار ستارے چمکے

میری آنکھوں میں دل آویز نظارے چمکے

پھر فضاؤں میں مچلتا ہوا پاتا ہوں شباب

پھر بجھی آگ میں دو چار شرارے چمکے

پھر لب بام چمکتی ہوئی آنکھیں دیکھیں

پھر گناہوں کے ہوس کار اشارے چمکے

جن ستاروں کی چمک نے مجھے تڑپایا تھا

میری تقدیر پہ وہ رشک کے مارے چمکے

پھر صراحی نے ارادوں کو جوانی بخشی

خشک ساغر کے پھر اک بار کنارے چمکے

چاند اتنا نہ چمکتا کبھی دیکھا ساقی

میکدے میں جو سبو رات تمہارے چمکے

جن ستاروں کی چمک ماند پڑی تھی مظہرؔ

وہ ستارے مری آنکھوں کے سہارے چمکے

قدم قدم پہ وفا کا دیار راہ میں ہے (غزل)

قدم قدم پہ وفا کا دیار راہ میں ہے

خوشا کہ نقش کف پائے یار راہ میں ہے

ہر ایک موج میں ساز فریب ہے جس کی

وہ اک سراب بہ ہر اعتبار راہ میں ہے

یہ اڑ رہی ہے جو خوں رنگ خاک ہر جانب

کسی شہید جنوں کا مزار راہ میں ہے

نہ کوئی بات نہ مقصد نہ آرزو نہ سوال

بس ایک غلغلۂ گیر و دار راہ میں ہے

سکون شب ہمہ نغمہ فضائے شب ہمہ نور

مگر ابھی کوئی شب زندہ دار راہ میں ہے

پہنچ چکے ہیں ادھر ہم سفر سر منزل

ادھر ابھی خلش انتظار راہ میں ہے

قدم قدم پہ گریباں قدم قدم پہ لہو

یہی تو ایک ثبوت بہار راہ میں ہے

تری طلب کے تقاضے ترے حصول کے خواب

تری تلاش بہر اعتبار راہ میں ہے

مزید غزلیں از سید مظہر گیلانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں