پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید متین الرحمان متین کی غزلیں — Syed Mateenur Rahman Mateen Ghazals

سید متین الرحمان متین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم سے بچھڑے تو یہ دن کیسے گزارے لکھنا (غزل)

ہم سے بچھڑے تو یہ دن کیسے گزارے لکھنا

کبھی پردیس سے خط نام ہمارے لکھنا

وہ جو کچھ لمحے گزارے تھے مرے ساتھ جہاں

کیسے لگتے ہیں وہ دریا کے کنارے لکھنا

چاندنی کرتی ہے سرگوشیاں اب بھی کہ نہیں

تم سے کیا کہتے ہیں جذبات تمہارے لکھنا

بھیج دینا ہمیں اک پھول بجائے خط کے

کچھ ضروری نہیں لفظوں کے سہارے لکھنا

لوگ ہر بات کا افسانہ بنا دیتے ہیں

ڈائری میں نہ کبھی شعر ہمارے لکھنا

دشت غم تنہائی اور ویرانیٔ جاں رہ گیا (غزل)

دشت غم تنہائی اور ویرانیٔ جاں رہ گیا

دوستو بس اب یہی جینے کا ساماں رہ گیا

مختصر ہوتی گئی کچھ اس قدر شرح حیات

میری پلکوں پر فقط اک اشک لرزاں رہ گیا

اڑ چکے سارے پرندے جا چکی فصل بہار

زرد پتوں سے ڈھکا ویران میداں رہ گیا

اس کی یادوں کو مٹا پایا نہ اپنے ذہن سے

جانے والے کا یہی بس مجھ پہ احساں رہ گیا

وہ ادھورے گیت کا مکھڑا ہی بن پایا متینؔ

میں اسے نغمہ بناتا دل میں ارماں رہ گیا