سید مسرور جوہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نکل کر میرے اندر سے کوئی بھی در نہیں آیا (غزل)
نکل کر میرے اندر سے کوئی بھی در نہیں آیا
ہزاروں کوس چلنے پر بھی میرا گھر نہیں آیا
مری آنکھیں رہیں جب تک تری آنکھوں سے وابستہ
ابھر کر میری نظروں میں کوئی منظر نہیں آیا
ترے سچے نشانے پر یہ گویا ضرب کاری ہے
مرے سر تک ترا پھینکا ہوا پتھر نہیں آیا
مرے ہم زاد پر اس گھر نے جانے کیا کیا جادو
وہ میرے ساتھ اندر تو گیا باہر نہیں آیا
دیار شوق میں جوہرؔ سیہ سائے مٹانے کو
اجالے جس کی تھے پوشاک وہ پیکر نہیں آیا
افلاس میں بھی رنگ بدن کا نہیں اترا (غزل)
افلاس میں بھی رنگ بدن کا نہیں اترا
فاقے بھی کئے ہم نے تو چہرہ نہیں اترا
اک جھونک ہی میں چھو لیا قدموں نے زمیں کو
افلاک سے وہ زینہ بہ زینہ نہیں اترا
پیوست زمیں ہو گئیں سب عظمتیں لیکن
جسموں سے تکبر کا لبادہ نہیں اترا
میں بھی نہ کھرا اترا تری مصلحتوں پر
تو بھی مرے معیار پہ پورا نہیں اترا
عریانیاں پہنے ہوئے ہیں بیٹیاں اس کی
سر سے کبھی جس ماں کے دوپٹہ نہیں اترا
تا عمر میں کرتا رہا الفاظ کا پیچھا
تا عمر مرے سر سے یہ سودا نہیں اترا
کیا حال کے قصے لکھے جائیں کہ ابھی تک
ماضی کی حکایات کا نشہ نہیں اترا
دانہ تو بہت ڈالا مری عقل نے جوہرؔ
آنگن میں کبھی کوئی پرندہ نہیں اترا