پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید مہتاب حیدر صفی پوری کی غزلیں — Syed Mahtab Haidar Safipuri Ghazals

سید مہتاب حیدر صفی پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق میں کامیاب آئیں گے (غزل)

عشق میں کامیاب آئیں گے

ہو کے خانہ خراب آئیں گے

جب بھی ظلمت بڑھے گی دنیا میں

ہر طرف انقلاب آئیں گے

خود پہ اترانا چھوڑ دے ورنہ

تجھ پہ اک دن عتاب آئیں گے

آپ تو جا رہے ہیں میخانے

جا کے واپس جناب آئیں گے

خوشبوؤں کے سفیر ہیں جو لوگ

لے کے تازہ گلاب آئیں گے

کیا پتا تھا وہ اپنی آنکھوں میں

بھر کے جام شراب آئیں گے

آج پھر جشن ہے چراغوں کا

آج وہ بے نقاب آئیں گے

ترے لہجے میں بے باکی بہت ہے (غزل)

ترے لہجے میں بے باکی بہت ہے

مگر فطرت میں چالاکی بہت ہے

یہاں پاکیزگی کی بات مت کر

یہاں ذہنوں میں ناپاکی بہت ہے

تبسم تو لبوں پر ہے تمہارے

مگر آنکھوں میں نمناکی بہت ہے

عناصر تو کئی ہیں اس میں لیکن

ہمارا جسم یہ خاکی بہت ہے

مسیحا کہتے ہیں مہتابؔ جس کو

سنا ہے اس میں سفاکی بہت ہے