پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید منظر حسن دسنوی کی غزلیں — Syed Manzar Hasan Desnavi Ghazals

سید منظر حسن دسنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تکمیل آرزو کی تمنا کریں گے ہم (غزل)

تکمیل آرزو کی تمنا کریں گے ہم

خود اپنے جذب شوق کو رسوا کریں گے ہم

درد جگر کا آج مداوا کریں گے ہم

قسمت ہماری سوئے گی جاگا کریں گے ہم

گم کردہ راہ دشت جنوں میں نہ ہو کوئی

اب اپنے نقش پا کو مٹایا کریں گے ہم

مانا کہ راہ عشق میں ہے نقص آبرو

کس نے کہا کہ ترک تمنا کریں گے ہم

ایسا بھی کوئی ہوگا زمانے میں انقلاب

جب آنکھ بھر کے آپ کو دیکھا کریں گے ہم

بادہ تو وہ بھی پیتا ہے لیکن بہ قید ہوش

منظرؔ کو چشم خلق میں رسوا کریں گے ہم

آپ کی چشم عنایت کبھی ایسی تو نہ تھی (غزل)

آپ کی چشم عنایت کبھی ایسی تو نہ تھی

اور تغافل پہ ندامت کبھی ایسی تو نہ تھی

یاد آتا ہوں میں کیوں ترک تعلق پر بھی

مہرباں مجھ سے محبت کبھی ایسی تو نہ تھی

آپ کے لطف و کرم کی میں تمنا کرتا

غم و آلام سے فرصت کبھی ایسی تو نہ تھی

زہے قسمت رسن و دار کے لائق ٹھہرا

اپنی ہم چشموں میں عزت کبھی ایسی تو نہ تھی

تیرے عارض کا ہے یہ عکس کہ آغاز بہار

اپنے گلشن کی لطافت کبھی ایسی تو نہ تھی

اپنی برباد محبت پہ تحیر کیسا

ان سے امید رفاقت کبھی ایسی تو نہ تھی

اشک کیوں ڈھلتے نہیں آنکھوں سے برسوں منظرؔ

میرے دامن کو شکایت کبھی ایسی تو نہ تھی

مزید غزلیں از سید منظر حسن دسنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں