پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید خورشید عالم کاکوی کی غزلیں — Syed Khursheed Alam Kakwi Ghazals

سید خورشید عالم کاکوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کہاں کا سودا جنون کیسا کہ طاق دل میں ملال رکھتے (غزل)

کہاں کا سودا جنون کیسا کہ طاق دل میں ملال رکھتے

اگر وہ احوال دل سناتے تو ہم بھی اپنا خیال رکھتے

کبھی وہ آتے بہار آتی خزاں رسیدہ صحن میں اپنے

ہر اک قدم پر بچھاتے پلکیں دل و جگر بھی نکال رکھتے

وہ عہد ماضی کے لوح پرور اور ان کے دل میں جہاں کا غم تھا

تمہاری الفت کے بعد ہم کیوں زمانے بھر کا وبال رکھتے

عدو کے لشکر کو مات دے کر ہم اپنی بستی میں آ گئے تھے

اگر زمانہ شناس ہوتے تو اپنے ہاتھوں میں ڈھال رکھتے

کبھی تو خورشیدؔ شب میں آتا ہماری راہوں کو جگمگاتا

جو پیر کامل کا فیض ہوتا تو ہم بھی ایسا کمال رکھتے

آنکھوں میں خواب روز نئی رہ گزر کا ہے (غزل)

آنکھوں میں خواب روز نئی رہ گزر کا ہے

منزل کے اور آگے ارادہ سفر کا ہے

دل آیا بھی تو اپنا اسی بے نیاز پر

یہ بھی قصور اپنے ہی ذوق نظر کا ہے

ہوش و خرد گنوا دیا دیوانے ہو گئے

سارا فسوں یہ آپ کی چشم و نظر کا ہے

سلجھی کوئی گرہ تو بہت ہم الجھ گئے

قصہ تمام گیسوئے تا بہ کمر کا ہے

یہ روز روز کوچۂ جاناں کی گردشیں

خورشیدؔ ہم رکاب کسی در بدر کا ہے