سید کونین حیدر کاظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ میری آنکھوں کی سوزش کو دیکھ درد سمجھ (غزل)
یہ میری آنکھوں کی سوزش کو دیکھ درد سمجھ
سفید بالوں کو میرے سفر کی گرد سمجھ
کچھ ایسے قاعدے ہیں کہ بدل نہیں جن کا
تو نیلے آسماں کو ایک لمحہ زرد سمجھ
نہ پوچھ ہم پہ گزرتی ہے ہجر میں کیا دوست
کلیجہ آوے ہے منہ کو بدن کو سرد سمجھ
جسے بلاتے ہیں کم کم ہی سارے گھر والے
مجھے تو میرے گھرانے کا وہ ہی فرد سمجھ
اب ایسا مسئلہ ہے تیرا ہونا میرے لئے
کہ جیسے بے وجہ ہوتا ہے سر میں درد سمجھ
تیری ہر ایک بات پہ دل کو یقیں رہا (غزل)
تیری ہر ایک بات پہ دل کو یقیں رہا
تو آگے بڑھ گیا میں وہیں کا وہیں رہا
دل ایسا چور چور ہوا تیرے بعد پھر
نہ تو مکاں رہا نہ ہی کوئی مکیں رہا
وہ ایک زخم جس کو بھرا ہے تمام عمر
وہ زخم اس بدن میں کہیں تہہ نشیں رہا
اک شخص پر تمام تھے سارے معاملات
افسوس کہ سبھی رہے اک وہ نہیں رہا
بے حال ہو گئے تھے ہم اس سے بچھڑنے پر
لیکن وہ شخص ویسے کا ویسا حسیں رہا
یہ نقشہ ہے اس کمرے کا کہ جس کی (نظم)
یہ نقشہ ہے اس کمرے کا کہ جس کی
زمین اداسی اگل رہی ہے
چار دیواروں میں سے اک جانب تو میں ہوں
بقیہ اطراف سے وحشت ٹپکتی ہے
اپنے کچھ یار تھے ہاں تھے
غم گسار تھے ہاں تھے
مر گئے کیا ہاں مر گئے
عجب ہے کہ رنج رائگانی بھی نہیں رہا
شاید کے اب عہد جوانی بھی نہیں رہا
تیرے اور ان سب کے گمانوں سے کہیں دور
اس اک کمرے میں
میں کائناتی شعور اور سوچ کو سمیٹے
اپنے ہونے کی وجہ ڈھونڈ رہا ہوں