سید خادم رسول عینی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ آ گئے ہیں بغض کا جذبہ لیے ہوئے (غزل)
وہ آ گئے ہیں بغض کا جذبہ لیے ہوئے
ہم سے مصالحت کا ارادہ لیے ہوئے
ہے سامنے فقیر کے شاہوں کا ایسا حال
ثروت کھڑی ہے ہاتھ میں کاسہ لیے ہوئے
ہم ڈھونڈتے ہیں رہبر کامل کو ہند میں
حسن عمل کا قلب میں جذبہ لیے ہوئے
ہیں خشک سالیاں کہیں جانوں میں اک وبال
بارش کہیں ہے قہر کا نقشہ لیے ہوئے
مقبولیت ہو ایسی کہ تم کوچ جب کرو
ہر شخص آئے ہاتھ میں تمغہ لیے ہوئے
ہوتا گیا تبادلہ عینیؔ نگر نگر
ہر جا میں پہنچا پیار کا تحفہ لیے ہوئے
میری خواہش کا بستر سلگتا رہا (غزل)
میری خواہش کا بستر سلگتا رہا
ہجر میں وقت اکثر سلگتا رہا
پھول مقتول کے ہاتھ میں دیکھ کر
دست قاتل پہ خنجر سلگتا رہا
مہرباں تھے تماشائیوں کی طرح
میرے خوابوں کا دفتر سلگتا رہا
تیز کرنوں کی زد میں تھا ہر ایک شعر
یوں تخیل کا خاور سلگتا رہا
میکدہ تھا بغیر ان کے ویران سا
یاد میں ان کی ساغر سلگتا رہا
دور ہوتی گئی اس سے عینیؔ حیا
جسم سے اس کے زیور سلگتا رہا