پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید کاشف رضا کی غزلیں — Syed Kashif Raza Ghazals

سید کاشف رضا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے وفا تھا تو نہیں وہ، مگر ایسا بھی ہوا (غزل)

بے وفا تھا تو نہیں وہ، مگر ایسا بھی ہوا

رنگ اک اور ان آنکھوں سے ہویدا بھی ہوا

تیری خوشبو بھی ترے زخم میں ملفوف ملی

تجھ سے گھائل بھی ہوا اور میں اچھا بھی ہوا

راہ دے دی ترے بادل کو گزرنے کے لیے

ورنہ یہ دل تو تری پیاس سے صحرا بھی ہوا

شکر واجب تھا اسے تیری محبت کا، سو دل

تیرا یوسف بھی رہا، اور زلیخا بھی ہوا

بھیڑ وہ تھی تری چوکھٹ پہ طلب گاروں کی

کوئی بے لمس رہا تیرا بلایا بھی ہوا

میں نے تصویر بنائی تو مخاطب بھی ہوئی

حرف کو ہاتھ لگایا تو وہ زندہ بھی ہوا

سجدۂ مرگ سے ماتھے کو اٹھایا اک روز

میں ہوا خاک تو پھر خاک سے پیدا بھی ہوا

جتنا اجڑا ہے کوئی شہر تمنا اے دل

کبھی لگتا ہی نہ تھا اتنا بسایا بھی ہوا

تری جدائی میں یہ دل بہت دکھی تو نہیں (غزل)

تری جدائی میں یہ دل بہت دکھی تو نہیں

کہ اس کے واسطے یہ رت کوئی نئی تو نہیں

تم اپنے اپنے لگے تھے وگرنہ آنکھوں میں

اک اور خواب سجانے کی تاب تھی تو نہیں

تمہارے لب پہ کھلا ہے تو وعدہ ہے تسلیم

وگرنہ اپنے بھروسے کی تم رہی تو نہیں

ترے بغیر نہ جینے کا عہد پورا کیا

ترے بغیر جو کاٹی وہ زندگی تو نہیں

کبھی کبھی مجھے لگتا ہے وہ نہیں ہے وہ

مگر کبھی کبھی لگتا ہے وہ وہی تو نہیں

چارلیؔ چپلن نے کہا (نظم)

چارلیؔ چپلن نے کہا

اسے بارش میں چلنا پسند ہے

کیونکہ تب کوئی اس کے

آنسو نہیں دیکھ پاتا

اس نے چار شادیاں کیں

اور بارہ معاشقے

عورتیں اس پر فدا تھیں

وہ انہیں کسی بھی وقت

جوائے رائڈ دے سکتا تھا

جب چارلیؔ کے پیروں میں

پھٹے ہوئے جوتے ہوا کرتے تھے

ایک عورت نے اس کی محبت

مسترد کر دی تھی

اس نے بارش میں چلنا شروع کر دیا

کوئی اس کے آنسو

نہیں دیکھ پا رہا تھا

اسے ہنسی آ گئی

وہ یہ ہنسی فروخت کرنے لگا

اس کی فلمیں دیکھ کر

وہ لوگ بہت ہنستے ہیں

جو آنسوؤں کو بارش سے

الگ نہیں کر پاتے

جنہوں نے چھپ کر

نہیں دیکھا ہوتا اپنی محبوبہ کو

جب ان کے پیروں میں جوتے

زخموں کی طرح کھلے پڑے ہوتے ہیں

وہ جن کے پاس

پھٹے ہوئے جوتے ہوتے ہیں

ان کے پاس ایک کہانی بھی ہوتی ہے

چارلیؔ چپلن کے پاس بھی ایک کہانی تھی

جس نے ایک بارش میں اسے رلا دیا

ایک روز اسے علم ہوا

اس عورت کو مرے دس سال ہو گئے

آسمان صاف تھا

چارلیؔ چپلن نے رونے کے لیے

کسی بارش کا انتظار نہیں کیا

مزید غزلیں از سید کاشف رضا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں