سید کامران زبیر کامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سادگی نے ترے چہرے کو نکھارا ہوگا (غزل)
سادگی نے ترے چہرے کو نکھارا ہوگا
چاندنی شب نے اسے اور سنوارا ہوگا
اک نظر بادۂ گلگوں سے لبالب دیکھی
جاگتی آنکھوں میں اک خواب گزارا ہوگا
سوکھے پھولوں سے بھری چند کتابوں کے تلے
میرے اشعار نے اک زخم ابھارا ہوگا
گرد آلودہ مسافر کو سر راہ طلب
چاندنی رات کی تنہائی نے مارا ہوگا
سرد موسم جو گزارا تھا دل ویراں نے
بوڑھے برگد نے وہ موسم نہ گزارا ہوگا
سرخ ہاتھوں سے مجھے زہر پلایا جس نے
تیز خنجر بھی مرے دل میں اتارا ہوگا
نقش ماضی کے بناتے ہوئے شاید اس نے
میرا چہرہ بھی خیالوں میں ابھارا ہوگا
بادباں کھول کے مستی نے اٹھایا لنگر
جھومتی ناؤ کو رندوں کا سہارا ہوگا
بلبل شوق چہکتا ہے چمن میں کامیؔ
اک تمنا نے اسے پھر سے پکارا ہوگا
مکاں پر ہوتی ہے جوں ہی مکمل خامشی طاری (غزل)
مکاں پر ہوتی ہے جوں ہی مکمل خامشی طاری
بدن میں لہر اٹھتی ہے بے اندازہ اذیت کی
در و دیوار شکوہ کرتے ہیں ویراں عمارت کے
مرے اندر سے آتی ہیں صدائیں شور وحشت کی
ہو جاں افروز منظر ہر طرف رقص بہاراں ہو
خدا گھنگھور بادل سے نکل آئے قمر کوئی
نگاہوں میں وہ قصہ از سر نو ہو گیا تازہ
اداسی شام کی ساری مرے دل میں سمٹ آئی
چمکتی جھیل میں وہ جھلملاتے تیرتے تارے
لگایا ہاتھ تو بکھرے پلک پر بے بہا موتی
درخشاں چاند سے رخ نے مری ویران آنکھوں میں
بہت سے بھر دئے جگنو چمک ان میں ابھر آئی
یہاں جذبات و احساسات اور لہجہ محبت کا
وہاں ہے سرد مہری بے رخی بے گانگی کامیؔ