پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید جون عباس کاظمی کی غزلیں — Syed John Abbas Kazmi Ghazals

سید جون عباس کاظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یاد مجھ کو کرنے والے میرے پیارے مر گئے (غزل)

یاد مجھ کو کرنے والے میرے پیارے مر گئے

جن کو مجھ سے تھی محبت لوگ سارے مر گئے

دکھ مجھے اس بات کا ہے میں اکیلا رہ گیا

میری بستی کے مکیں سب اس کنارے مر گئے

وہ جدا ہو کر دوبارہ مل سکے گا یا نہیں

کرتے کرتے عمر بھر ہم استخارے مر گئے

گائیکی میں جتنے سر تھے کھا گئی شوریدگی

شاعری میں جتنے بھی تھے استعارے مر گئے

چاند نے پہنی قبائے ابد آدھی رات کو

میری آنکھوں میں کئی روشن ستارے مر گئے

خامشی کے سب کنائے زود گوئی لے اڑی

رہ گئے الفاظ باقی اور اشارے مر گئے

وقت کرتا ہے ہمیشہ اور ہی کچھ فیصلے

جو تھے لشکر میں بہادر ڈر کے مارے مر گئے

یہ میری بات غلط ڈھنگ سے سناتے ہیں (غزل)

یہ میری بات غلط ڈھنگ سے سناتے ہیں

کچھ اور میں نے کہا تھا یہ کچھ بتاتے ہیں

تمام عمر کبھی ہم نے یہ نہیں سوچا

ہم آئے کس لئے اور کیوں یہاں سے جاتے ہیں

سفر یہ چاہ کا ہے ساز باز راہ کا ہے

خراب و خستہ چلو اپنے گھر کو جاتے ہیں

چراغاں ان کے لئے ہے ہماری بربادی

بہ نام روشنی یہ بستیاں جلاتے ہیں

تمہاری آنکھوں نے دل کو اسیر رکھا ہے

تمہاری آنکھوں میں ہم ڈوبتے ہی جاتے ہیں

ہمیں سناتے ہیں وہ داستاں نئی سے نئی

پھر اس کے بدلے میں ہم شاعری سناتے ہیں

تمہیں بتائیں میاں ہوتا کیا ہے بازی میں

وہ چال چلتا ہے تو سب ہی ہار جاتے ہیں

ہم اس سے ہاتھ ملاتے ہیں حال پوچھتے ہیں

ہم اس کو جانتے ہیں یہ اسے جتاتے ہیں

مزید غزلیں از سید جون عباس کاظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں