پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید جاوید کی غزلیں — Syed Jawed Ghazals

سید جاوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خود اپنی راہ کی دیوار کر دیا گیا ہوں (غزل)

خود اپنی راہ کی دیوار کر دیا گیا ہوں

یہ کس عذاب سے دو چار کر دیا گیا ہوں

وہ چشم تھی اسے بینائی لے گئی اپنی

میں آئنہ تھا سو زنگار کر دیا گیا ہوں

میں ایک راز تھا مخفی تھا خاک میں اپنے

ابھی ابھی ہی میں اظہار کر دیا گیا ہوں

وہ دن بھی دور نہیں دوست یہ کہیں گے میاں

کہ میں تو اور بھی دشوار کر دیا گیا ہوں

تمام آنکھیں مجھے دیکھنے کو آتی ہیں

عجب طرح سے نمودار کر دیا گیا ہوں

تو کیا دکھانا ہے سب کو ہی راستہ حق کا

تو کیا میں قافلہ سالار کر دیا گیا ہوں

مرے مزار کی یہ خاک چھان لے دنیا

کہ تیرے ہاتھ میں میں مار کر دیا گیا ہوں

یہ عشق ہے یا کوئی رمز ہے نہیں معلوم

بدن سے روح سے سرشار کر دیا گیا ہوں

بہت غرور تھا مجھ کو وجود پر جاویدؔ

اسی لیے تو نگوں سار کر دیا گیا ہوں

بر سر ریگ رواں پھول نہیں کھل سکتے (غزل)

بر سر ریگ رواں پھول نہیں کھل سکتے

دشت ہے دشت یہاں پھول نہیں کھل سکتے

بارور ہوگی دعا جب اسے منظور ہوا

وقت سے پہلے یہاں پھول نہیں کھل سکتے

میں نے اس دل کا نہاں خانہ دکھایا اس کو

اس نے پوچھا تھا کہاں پھول نہیں کھل سکتے

وہ جہاں چاہے وہاں رنگ بچھا دے اپنے

اس کی نظروں سے نہاں پھول نہیں کھل سکتے

فرق پڑتا نہیں موسم کے بدلنے سے کوئی

اب زمیں ہے نہ زماں پھول نہیں کھل سکتے

تم کو اس خاک سے نسبت ہے بہت پہلے کی

ٹھیک کہتے تھے میاں پھول نہیں کھل سکتے

ایسی مٹی میں بھلا کاشت ہی کیا ہو جاویدؔ

موسم گل میں جہاں پھول نہیں کھل سکتے

مزید غزلیں از سید جاوید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں