پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید اقبال حیدر کی غزلیں — Syed Iqbal Haider Ghazals

سید اقبال حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جمال تیرا ترا حسن آئنہ تیرا (غزل)

جمال تیرا ترا حسن آئنہ تیرا

خلاف ہو کے بھی کوئی کرے گا کیا تیرا

ہوا چمن میں بکھیر آتی ہے تری خوشبو

کبھی ہواؤں سے کوئی نہ بس چلا تیرا

مری زبان نے پایا ہے آبلوں کا خراج

جو بھول کے بھی کبھی نام لے لیا تیرا

جو اب بھی رکھے ہے زندہ لہو کی قیمت کو

ہے معرکوں میں فقط ایک معرکہ تیرا

یوں رزم آب و عطش میں شکست آب کو دی

وفا کدوں میں وفا نام پڑ گیا تیرا

تو کر کے آ بھی گیا سیر آسمانوں کی

ملا نہ ڈھونڈے کسی کو بھی نقش پا تیرا

خبر کتابوں میں لکھی ہے تیرے آنے کی

اسی سے دیکھتا رہتا ہوں راستہ تیرا

نجابتوں کا جو مسکن ہے آج تک اقبالؔ

خدا کا شکر وہیں سے ہے سلسلہ تیرا

غیر پر ظلم مرے ہوتے یہ کیا ہوتا ہے (غزل)

غیر پر ظلم مرے ہوتے یہ کیا ہوتا ہے

دیکھیے دیکھیے پر تیر خطا ہوتا ہے

دل کا خوں تم نے کیا خون کا پانی غم نے

اب تپ غم سے وہ پانی بھی ہوا ہوتا ہے

ڈوبنے والے پہنچ جائیں گے ساحل پہ خبر

دامن موت پہ سب حال لکھا ہوتا ہے

آپ اچھے ہیں مگر آپ کا یہ ناز برا

ایک سے ایک زمانے میں سوا ہوتا ہے

پیکر ظلم و جفا عرش نہ ہل جائے کہیں

دل دکھانا کسی بیکس کا برا ہوتا ہے

عشق کے دم سے بگولوں کو ہے گردش اقبالؔ

ورنہ ان خاک کے ذرات میں کیا ہوتا ہے

مزید غزلیں از سید اقبال حیدر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں