پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید اقبال رضوی شارب کی غزلیں — Syed Iqbal Rizvi Sharib Ghazals

سید اقبال رضوی شارب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وقت مشکل میں بھی ہونٹوں پر ہنسی اچھی لگی (غزل)

وقت مشکل میں بھی ہونٹوں پر ہنسی اچھی لگی

میرے خالق کو مری یہ بندگی اچھی لگی

ڈھو رہا تھا بس یوںہی میں آج تک اپنا وجود

تم سے مل کر مجھ کو اپنی زندگی اچھی لگی

بس لحاظاً پھینک کر سگریٹ کنارے ہو گیا

مجھ کو نسل نو کی یہ شرمندگی اچھی لگی

لب تمہارے میر کی اس پنکھڑی کے مثل ہیں

اس لئے مجھ کو میری تشنہ لبی اچھی لگی

خون کے رشتے ہوئے جب بھی کبھی نذر انا

بھائی کو محفل میں بھائی کی کمی اچھی لگی

صورت و سیرت کا وہ اتنا حسیں تھا امتزاج

اہل دانش کو مری دیوانگی اچھی لگی

چند اردو لفظ بھی شامل تھے جملوں میں ترے

اس لئے شاربؔ انہیں بولی تری اچھی لگی

کچھ ترے ناز و ستم اور اٹھانا چاہے (غزل)

کچھ ترے ناز و ستم اور اٹھانا چاہے

دل مرا عقل سے پھر آنکھ چرانا چاہے

اپنے حالات کوئی مجھ کو سنانا چاہے

اور وہ اک بات جو مجھ سے ہی چھپانا چاہے

میری خواہش کہ تیری یاد سے غافل نہ رہوں

فکر دنیا تیری یادوں کو مٹانا چاہے

ذہن دنیا کی حقیقت کو سمجھنے پہ مصر

دل کہ بس خوابوں کی بستی میں ٹھکانا چاہے

میں اکیلا تو نہیں اس کی ادا کا محصور

کچھ سبب ہے کے اسے سارا زمانہ چاہے

جس کو دنیا سے ہے آشفتہ مزاجی کا گلہ

وہ بھی اس عالم فانی سے نہ جانا چاہے

ہم نے خالق کی رضا پر کہاں تولی ہر بات

بس وہی کرتے ہیں جو نفس کرانا چاہے

کون پہچانے ہے شاربؔ تجھے اس وادی میں

بن تعارف تو کوئی یاں سے نہ جانا چاہے

مزید غزلیں از سید اقبال رضوی شارب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں