پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید الیاس فانی کی غزلیں — Syed Ilyas Fani Ghazals

سید الیاس فانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دریا دلی کی سن کے میں آیا تھا آس میں (غزل)

دریا دلی کی سن کے میں آیا تھا آس میں

دو گھونٹ بھی ملے نہ سمندر کے طاس میں

پیر مغاں کا نام نہ بدنام ہو کہیں

جتنی ہو آج ڈال دے ساقی گلاس میں

عزت سے ہے وقار زمانے میں دوستو

عزت نہیں تو کچھ نہیں بشری اساس میں

مشکل میں حوصلوں کا سہارا اگر نہ ہو

آتا نہیں شعور دل بد حواس میں

اپنائیت خلوص وفا ربط باہمی

سب کچھ ملے گا تم کو غریبوں کے پاس میں

فانیؔ دبا نہ سوزش قلب و جگر کو یوں

چنگاریاں چھپاتا ہے کوئی کپاس میں

اس سے پہچان ہو گئی ہوگی (غزل)

اس سے پہچان ہو گئی ہوگی

زیست آسان ہو گئی ہوگی

زندگی بے وفا ازل سے ہے

دشمن جان ہو گئی ہوگی

آج وہ یار بن گئے گہرے

جان پہچان ہو گئی ہوگی

اس سے جب عرض حال تم نے کی

سن کے حیران ہو گئی ہوگی

گفتگو کر رہے تھے بے موقع

بات بے جان ہو گئی ہوگی

زیست فانیؔ خوشی کی چاہت میں

غم کا عنوان ہو گئی ہوگی

مزید غزلیں از سید الیاس فانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں