سید حذیفہ کیف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم تجھے ڈھونڈنے نکلیں تو زمانے لگ جائیں (غزل)
ہم تجھے ڈھونڈنے نکلیں تو زمانے لگ جائیں
یہ نہ ہو پھر سے وہی روگ پرانے لگ جائیں
جنبش دست تو قابو میں مرے ہے لیکن
کیا کریں یار جو نظروں سے پلانے لگ جائیں
میں کماں کھینچ کے بیٹھا ہوں نہ جانے کب سے
آنکھ سے آنکھ ملے اور نشانے لگ جائیں
ہم سے ناراضگی تیری نہیں دیکھی جاتی
تو خفا ہو کے جو بیٹھے تو منانے لگ جائیں
ناصحا پوچھتے پھرتے ہیں سبب الجھن کا
عشق گر خود یہ کریں ہوش ٹھکانے لگ جائیں
موسم گرما کی آمد مرے صحراؤں میں کیفؔ
عین ممکن ہے درختوں پہ خزانے لگ جائیں
میں نے سمجھا تھا مرے یار سنبھالیں گے مجھے (غزل)
میں نے سمجھا تھا مرے یار سنبھالیں گے مجھے
وہ بہر طور مصیبت سے بچا لیں گے مجھے
اس قدر دور نہ جائیں مجھے تنہا کر کے
فاصلے گر نہ کٹے آپ گنوا لیں گے مجھے
جن سے خود آپ سنبھالا نہیں جاتا خود کو
ان کا دعویٰ ہے کہ وہ آ کے سنبھالیں گے مجھے
جب میں رہ جاؤں گا بے جان سا پتھر بن کر
میرے عشاق دواروں میں سجا لیں گے مجھے
کیفؔ میں کچھ بھی نہیں پر ہوں محمد کا غلام
میرے سرکار تو کملی میں چھپا لیں گے مجھے