سید حسین علی جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
صبح تو دیکھا تھا وقت شام آ کر دیکھیے (غزل)
صبح تو دیکھا تھا وقت شام آ کر دیکھیے
اپنے دیوانے کا اب انجام آ کر دیکھیے
کچھ نہیں معلوم ہے کس وقت یہ دم توڑ دے
حالت بیمار صبح و شام آ کر دیکھیے
لب پہ آہیں دل میں دھڑکن ٹمٹماتا اک چراغ
کس قدر رنگیں ہے میری شام آ کر دیکھیے
ناز سے وہ کہہ رہے ہیں رخ پہ زلفیں ڈال کر
صبح پہ چھائی ہوئی ہے شام آ کر دیکھیے
آپ کی فرقت میں کھاتا ہے جہاں کی ٹھوکریں
بیکسیٔ عاشق ناکام آ کر دیکھیے
دم بہ دم یہ بہہ رہا ہے کس کی آنکھوں سے لہو
کون ہے یہ لرزہ بر اندام آ کر دیکھیے
جھلملاتے ہیں ہزاروں آرزوؤں کے چراغ
جعفریؔ کی قبر وقت شام آ کر دیکھیے
قلب غم خوردہ کے حالات کسے پیش کروں (غزل)
قلب غم خوردہ کے حالات کسے پیش کروں
ٹھیس کھائے ہوئے جذبات کسے پیش کروں
آہیں بھرتے ہوئے لمحات کسے پیش کروں
حسرت و یاس کے دن رات کسے پیش کروں
میری محرومیٔ قسمت یہ بتا دے مجھ کو
اپنے ارمانوں کی بارات کسے پیش کروں
حشر میں آیا ہوں میں تحفۂ عصیاں لے کر
سوچتا ہوں کہ یہ سوغات کسے پیش کروں
حاصل زیست ہیں دنیا میں خرابات مرے
وقت رخصت یہ خرابات کسے پیش کروں
کس کو دم ساز کروں اپنی سیہ بختی کا
غم میں ڈوبی ہوئی یہ رات کسے پیش کروں
رقص کرتے ہوئے میخانے پہ چھائے بادل
کیف بر دوش یہ برسات کسے پیش کروں
روئے روشن کا تصور کبھی زلفوں کا خیال
دن کسے پیش کروں رات کسے پیش کروں
آدمی اب بھی نہیں جنس وفا سے واقف
میں وفاؤں کی یہ سوغات کسے پیش کروں
جو زباں کی کبھی شرمندۂ احساں نہ ہوئی
جعفریؔ دل کی وہ اک بات کسے پیش کروں
کل ہوا شب کو جو منٹو روڈ پر میرا گزر (نظم)
کل ہوا شب کو جو منٹو روڈ پر میرا گزر
اک دکاں پر اتفاقاً اک طبیب آیا نظر
اس دکاں کے سامنے ایک بورڈ تھا لٹکا ہوا
جس پہ تھا رنگین پیرائے میں یہ لکھا ہوا
شیخ بدھن سر زمین ہند کی روح رواں
رہنمائے طب یونانی مسیحائے زماں
ایک بوسیدہ سند تھی در پہ لٹکائی ہوئی
جو کسی عطار کامل سے تھی لکھوائی ہوئی
سامنے تھے چند ڈبے جن میں تھیں کچھ گولیاں
مدتوں کی ایک بوتل میں تھی روح بادباں
پاس آیا گر کوئی ان کو مسیحا جان کر
سو گیا آرام سے دو دن میں چادر تان کر
سینکڑوں بیمار نذر موت یوں ہی ہو گئے
ان کے ہاتھوں زندگی سے ہاتھ کتنے دھو گئے
آج کل یہ ہند میں ہے طب یونانی کا حال
موت کے ہر ایک گوشے میں بچھا رکھے ہیں جال
ہر گلی میں ہیں حکیموں کی دکانیں بے شمار
ایک سو بیمار اگر ہیں تو اطبا اک ہزار
ہر در و دیوار پہ چسپاں ہیں ان کے اشتہار
فن کے جو ماہر تھے وہ بھی ہو گئے بے اعتبار
تھی کبھی یہ طب حقیقت میں مسیحائے زماں
ایک دن یہ ہے کہ خود ہی لے رہی ہے ہچکیاں
کیا کرے وہ ہر طرح مجبور ہے ناچار ہے
کیا مسیحائی کرے جب آپ ہی بیمار ہے
ان حکیموں کا جہاں میں گر یہی عالم رہا
دیکھ لینا گرم بازار اجل ہو جائے گا